بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم عمران خان کا پمز کا اچانک دورہ،مریضوں سے ملاقات،خیریت دریافت کی

عمران خان نے مریضوں کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا

وزیراعظم عمران خان نے پیمز ہسپتال میں کورونا وارڈ کا اچانک دورہ کیا، وزیراعظم نے مریضوں سے ملاقات میں ان کی خیریت دریافت کی، عمران خان نے مریضوں کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان بغیر اطلاع دیئے اچانک پمز ہسپتال پہنچ گئے۔ جہاں ڈاکٹر اور عملہ وزیراعظم کو دیکھ کر حیران رہ گیا، وزیراعظم حفاظتی کٹ پہن کر کورونا وارڈ میں گئے، وزیراعظم نے مریضوں سے ملاقات کی ان کی خیریت دریافت کی اور ان کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے دستیاب سہولتوں اور کورونا ویکسین سے متعلق ڈاکٹرز سے استفسار کیا۔ جس پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔اسی طرح وزیراعظم کو کورونا وارڈ میں مریضوں کی تعداد اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دی، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر منہاج نے طبی سہولیات پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ کورونا وارڈ میں 131مریض زیرعلاج ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں، مریضوں کے ساتھ اپنا بھی خیال رکھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیا آپ لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے، جس پر ڈاکٹر رانا عمران سکندر نے کہا کہ مجھے تو پاکستان میں سب سے پہلے ویکسین لگی ہے۔ وزیراعظم نے پوچھا کہ آکسیجن کی کیا صورتحال ہے؟ جس پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آکسیجن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

Back to top button