بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

دوسرا ٹیسٹ، عابد کی ڈبل سنچری،پاکستان نے اننگز 510رنز 8کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کردی

جواب میں زمبابوے نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان نے عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر کی سنچری کی بدولت زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی جس کے جواب میں زمبابوے نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان نے میچ کے دوسرے دن 268 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو عابد علی سنچری بنا کر ناقابل شکست تھے جبکہ ساجد خان ان کا ساتھ نبھا رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی ٹرپل سنچری مکمل کرائی جس کے بعد ساجد خان کی 20 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ محمد رضوان کمزور حریف کے خلاف ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 21 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ حسن علی کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ ملا۔341 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد عابد کا ساتھ دینے نعمان علی آئے اورعابد علی نے نعمان کی مدد سے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی اور 8ویں وکٹ کے لیے 169 رنز کی شاندار شراکت بھی قائم کی۔

نعمان علی صرف تین رنز کی کمی سے کیریئر کی پہلی سنچری نہ بنا سکے اور چائے کے وقفے کے فوراً بعد 97 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، ان کی 104 گیندوں پر محیط اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ پاکستان نے نعمان کے آؤٹ ہوتے ہی پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، عابد نے 29 چوکوں کی مدد سے 215 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹنڈائی چسورو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلا میچ کھیلنے والے تابش خان نے اپنے پہلے ہی اوور میں تریسائی مساکانڈا کو چلتا کردیا۔ سکور 23 تک پہنچا ہی تھا کہ حسن علی نے کیون کسوزا کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

ریگس چکابوا اور کپتان برینڈن ٹیلر نے سکور کو 40 تک پہنچایا ہی تھا کہ ٹیلر کی 9 رنز کی اننگز شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔ دن کے اختتام سے کچھ اوورز قبل ساجد خان نے ملٹن شمبا کو بھی چلتا کردیا اور جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو زمبابوے نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے اور انہیں فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 258 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

Back to top button