بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

یوٹیلٹی سٹورز سے چینی کیساتھ دوسری اشیا خریدنے کی شرط ختم

 لوگوں کے پاس چینی خریدنے کیلئے پیسے نہیں آپ ساتھ دوسری اشیا  دے رہے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے؟ ،چیئرمین پی اے سی

یوٹیلٹی سٹورز سے چینی کے ساتھ دوسری اشیا خریدنے کی شرط ختم کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا، جس میں یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن آف پاکستان کے آڈٹ پیراز 2019-20 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر 2015 ء سے 2020 ء تک تقریبا 68 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی۔اجلاس میں آڈٹ حکام نے بتایا کہ 2015 ء سے 2020 ء تک تقریباً 68 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی، سٹورز کے 64 ریجن میں سے 30 ریجن میں 15 کروڑ سے زائد کی خوردبرد ہوئی، سٹورز کے صرف 6 ملازمین نے 2 کروڑ 12 لاکھ کی کرپشن کی۔ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے اجلاس کو بتایا کہ ان ملازمین کے خلاف ایف آئی اے میں کیسز چل رہے ہیں، لوٹی گئی 2 کروڑ 12 لاکھ روپے کی رقم میں سے 1 کروڑ 11 لاکھ ریکور کر لیے ، جون کے آخر میں ڈیٹا ریکارڈ کیلئے کمپیوٹر سسٹم بھی نصب کر دیا جائے گا، ایف آئی اے یوٹیلٹی سٹورز کے 96 کیسز کی انکوائری کررہا ہے۔کمیٹی نے کرپشن کیسز میں انکوائری میں سستی پر ایف آئی اے اور نیب پر اظہار برہمی کیا۔ چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے کہا کہ ایف آئی اے سارا دن چینی کے پیچھے پڑا رہتا ہے اصل کام نہیں کرتا، کرپشن کا الزام سیاستدانوں پر لگتا ہے مگر سرکاری اداروں میں پیسے کے ضیاع پر نوٹس نہیں لیا جاتا، یوٹیلٹی سٹورز کے معاملے پر الگ سے خصوصی اجلاس کریں گے۔

اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز سے چینی خریدنے کیلئے دوسری اشیا خریدنے کی شرط پر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کی سرزنش کی، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ لوگوں کے پاس چینی خریدنے کیلئے پیسے نہیں آپ ساتھ دوسری اشیا  دے رہے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے؟ جس چیز کی ضرورت نہیں آپ وہ لوگوں کو خریدنے کیلئے کیوں مجبور کرتے ہیں، آئندہ چینی خریدنے کیلئے آئے کسی شخص کو دوسری چیز خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چینی خریدنے کیلئے دوسری اشیا خریدنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔  یوٹیلٹی سٹورز سے چینی کے ساتھ دوسری اشیا خریدنے کی شرط ختم کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button