کرکٹ میں واپسی اب کب ہو گی،کچھ نہیں کہا جاسکتا، سکندر رضا
زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر سکندر رضا کینسر کے خطرے سے بچ گئے
زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر سکندر رضا کینسر کے خطرے سے بچ گئے تاہم ان کی لمبے عرصے تک کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سکندر رضا کو کافی عرصے سے دائیں بازو میں درد کی شکایت تھی اور گزشتہ ماہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران ان کے بازو کے درد میں کافی زیادہ اضافہ ہوگیا تھا۔
اس کے بعد ڈاکٹروں کی تجویز کے مطابق سکندر رضا کے دائیں بازو کا 2 اپریل کو آپریشن ہوا ، اس دوران کینسر کا شبہہ ہونے پر بائیوپسی کے لیے ان کا سیمپل بھی حاصل کیا گیا۔
ڈاکٹرز چیک کرنا چاہتے تھے کہ کوئی رسولی یا کینسر تو سکندر رضا کی تکلیف کا سبب نہیں بن رہا ہے۔
سرجری کے بعد سکندر رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پرستاروں سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سب کی دعائیں رنگ لے آئیں، ٹیومر یا کینسر کا ٹیسٹ کلیئر آیا ہے، میرے پاس آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں۔
پاکستانی نثراد آل راؤنڈر نے بتایا کہ وہ ادویات اور انجیکشن استعمال کررہے ہیں، تاہم ان کی کرکٹ میں کب واپسی ہوگی ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔