تعلیم
بلوچستان یونیورسٹی کے ملازمین اور پنشنرز کو ادائیگیاں نہ ہوسکیں
کوئٹہ کی بلوچستان یونیورسٹی کا مالی بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔بلوچستان یونیورسٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور بلوچستان حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث یونیورسٹی کے ملازمین اور پینشنرز کو فروری کی آدھی اور مارچ کی مکمل تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جاسکی ہے ۔
بلوچستان یونیورسٹی کے حکام کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے یونیورسٹی کے فنڈز میں کی گئی 50 فیصد کٹوتی کے سبب یونیورسٹی کومالی مشکلات درپیش ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مختلف بینکوں سے قرض لے کر یونیورسٹی چلائی جارہی ہے اوریہ قرض اب ایک ارب 30کروڑ تک پہنچ چکا ہے جب کہ سابق ملازمین کی پینشن اور ٹھیکیداروں کی مد میں واجب الادا رقم 43 کروڑ ہوگئی ہے۔