بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی آئی اے کا مالی بحران سنگین، ایندھن نہ ملنے پر فلائٹ آپریشن معطل

قومی ائیر لائن پی آئی اے کا مالی بحران سنگین ہوگیا اور ایندھن نہ ملنے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی بند ہوگیا۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سے ایندھن کی فراہمی میں کمی کر دی گئی ہے جس سے قومی ائیرلائن کی متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق قومی ائیر لائن کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہے جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک بھر کے ائیرپورٹس سے پی آئی اے کی 26 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جن میں کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ، بہاولپور، لاہور، گوادر اور ملتان کی پروازیں ایندھن کی عدم فراہمی پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور ائیر پورٹس سے بھی پی آئی اے کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

کراچی سے مختلف ائیرپورٹس کی 18 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، کراچی اسلام آباد کی 3 پروازیں اور اسلام آباد سے کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جب کہ لاہور سے کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ کراچی لاہور کی 3 پروازیں، کراچی سے گوادر، بہاولپور، فیصل آباد آنے اور جانے کی 6 پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں جب کہ سیالکوٹ سے مسقط جانے اور آنے کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔فیول ایڈجسٹمنٹ پلان کے تحت آج کراچی ائیرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک کی صرف 3 پروازوں کی آمدورفت ہوگی جن میں کراچی سکھر کی دو طرفہ پرواز،اسلام آباد، دبئی اور جدہ کی ایک ایک پرواز شامل ہے۔

مزید پڑھیے  چچا زاد بھائیوں کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ قتل
Back to top button