
محاذ آرائی کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے، صدر مملکت
صدر آصف علی زرداری نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پارلیمانی جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے اور سیاسی استحکام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج رات ایوان صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے دوران کیا۔
ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر نے ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کے لیے سیاسی اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر نے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور معاشی خوشحالی لانے کے لیے سیاسی، معاشی اور گورننس اصلاحات ناگزیر ہیں۔انہوں نے متعصبانہ مفادات سے اوپر اٹھ کر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ وہ محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے استحکام لانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کی تجویز دی۔ انہوں نے قومی اہمیت کے مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صدر کی سیاسی دانشمندی اور وژن کو بھی سراہا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، اے این پی کے صدر اے این پی سینیٹر عمران خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ عشائیہ میں سابق وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ، صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان اور ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔














