Category: سائنس و ٹیکنالوجی

  • کم فالوورز صارفین کیلئے انسٹا گرام کا بڑا قدم

    کم فالوورز صارفین کیلئے انسٹا گرام کا بڑا قدم

    انسٹاگرام کی جانب سے ایک بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو کم فالوورز والے صارفین کی ریلز ویڈیوز کو زیادہ افراد تک پہنچانے میں مدد فراہم کرے گی۔کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ریلز ویڈیوز کے ریکومینڈیشن الگورتھم کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا۔کمپنی کی جانب سے چھوٹے اکاؤنٹس کے مواد کو زیادہ تقسیم کرنے کے حوالے سے ریلز رینکنگ میں تبدیلیاں لانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

    بلاگ پوسٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے رینکنگ سسٹم کو درست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کم فالوورز والے اکاؤنٹس کو اپنا مواد زیادہ افراد تک پہنچانے میں مدد ملے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ابھی زیادہ مقبول صارفین کی جانب سے دیگر افراد کے مواد کو پوسٹ کیا جاتا ہے اور ان کی ویڈیوز کو زیادہ افراد تک رسائی ملتی ہے، جبکہ اوریجنل مواد تیار کرنے والے چھوٹے اکاؤنٹس پیچھے رہ جاتے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر صارف کو یکساں موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ تو ابھی واضح نہیں کہ انسٹاگرام کی جانب سے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے الگورتھم میں کیا تبدیلیاں کی جائیں گی مگر یہ واضح ہے کہ الگورتھم کی جانب سے زیادہ فالوورز والے اکاؤنٹس کو اب ترجیح نہیں دی جائے گی۔

    بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اہل مواد کو زیادہ افراد تک پہنچایا جائے گا۔کمپنی کے مطابق الگورتھم میں تبدیلیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ چند ماہ تک اسے مکمل کرلیا جائے گا۔

    دوسرے صارفین کی ریلز کو دوبارہ پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹس کے مواد پر ایک لیبل بھی لگایا جائے گا جس میں اسے تیار کرنے والے صارف کو ٹیگ کیا جائے گا۔جو اکاونٹس ایک مہینے کے دوران 10 یا اسے زائد بار ویڈیوز کو ری پوسٹ کریں گے، ان کے مواد کو بتدریج ریکومینڈ کرنا بند دیا جائے گا۔

    فی الحال یہ تبدیلیاں ریلز ویڈیوز کے لیے کی جا رہی ہیں اور دیگر پوسٹس پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ان تبدیلیوں یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے فالوورز کی تعداد کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • پاکستان اپنا پہلا سیٹلائٹ مشن 3 مئی کو چاند پر بھیجے گا

    پاکستان اپنا پہلا سیٹلائٹ مشن 3 مئی کو چاند پر بھیجے گا

    پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید کا کہنا تھاکہ 3 مئی کو 12 بج کر 50 منٹ پرپاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پربھیجا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ مشن چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا،  سیٹلائٹ آئی کیوب قمرکی لانچ کو ویب سائٹ سے لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چائنا اور سپارکو کے اشتراک سے تیارکیا، چاند کی تصاویر بنانے کیلئے آئی کیوب قمر میں دو کیمرےنصب ہیں۔

  • سنگاپور کیبل پی ٹی سی ایل کے نیٹ ورک انفرااسٹرکچرکاحصہ نہیں ہے،  ترجمان

    سنگاپور کیبل پی ٹی سی ایل کے نیٹ ورک انفرااسٹرکچرکاحصہ نہیں ہے، ترجمان

    سنگاپور  سے پاکستان اوریورپ کو ملانے والی فائبر آپٹیکل کیبل کٹنےکے معاملے پر پی ٹی سی ایل ترجمان کا بیان سامنے آگیا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ سب میرین کیبل کٹنے سے پی ٹی سی ایل کی ٹریفک متاثر نہیں ہوئی اور اس کی ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کیبل پی ٹی سی ایل کے نیٹ ورک انفرااسٹرکچرکاحصہ نہیں ہے، پی ٹی سی ایل کا نیٹ ورک سروس میں کمی کے بغیربہترین کام کررہا ہے۔

    واضح رہے کہ سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی فائبر آپٹیکل کیبل کٹ گئی تھی، ساؤتھ ایسٹ ایشیا اور مڈل ایسٹ یورپ کیبل کو انڈونیشیا کے قریب سب میرین کیبل پر پانچ کٹ لگے۔ذرائع  کا کہنا تھا کہ  کیبل کو ٹھیک ہونے میں ایک مہینہ لگے گا، کیبل کٹنے سے پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی مشرقی سمت سے آنیوالی ٹریفک متاثر ہوئی۔

  • پاکستان میں ڈیجیٹل  ٹرانسفارمیشن  سے انسانی ترقی  پر بھی مثبت اثر پیدا ہو رہا ہے: یو این ڈی پی رپورٹ

    پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے انسانی ترقی پر بھی مثبت اثر پیدا ہو رہا ہے: یو این ڈی پی رپورٹ

    یو این ڈی پی کی جانب سے ترقی کے لیے ڈیجیٹلائزیشن ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے نیشنل ہیومن ڈیویلپمنٹ رپورٹ برائے سال 2023/24 جاری کر دی گئی ہیں۔ جس میں پہلی بار پاکستان کے لیے ڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ انڈیکس پیش کیا گیا جو کہ بنیادی طور پر پاکستان کے صوبوں اور اضلاع کی ڈیجیٹل پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لیتاہے۔ اس رپورٹ کے تحت پاکستان کو ڈیجیٹل ڈیوپلمنٹ انڈیکس میں 0.205 سکور کے ساتھ ماڈریٹ ڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل تبدیلی میں بہتر کارکردگی دکھانے والے اضلاع نے انسانی ترقی میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ نیشنل ہیومن ڈیویلپمنٹ رپورٹ برائے سال 2023/24 میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا استعمال، تربیت اور تبدیلی جیسے فیکٹرز کے ساتھ موازنہ کیا گیا اور ڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ انڈیکس مرتب کیا گیا جس سے یہ واضح ہوا کہ بہتر ڈیجیٹل تبدیلی اپنانے والے اضلاع میں ترقی کی شرح بھی بہتر رہی ہے۔

    گلوبل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کے مطابق پاکستان 193 ممالک میں سے 164 نمبر پر موجود ہے جو کہ انسانی ترقی کے انڈیکس میں کم درجی بندی ہے۔صنفی عدم مساوات کے انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن 166 میں سے 135 ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، یو این ڈی پی کے معاون، ایڈمنسٹریٹر اور ریجنل ڈائریکٹر فار ایشیا اینڈ دی پیسیفک، کنی وگناراجا نے بھی شرکت کی۔ سفارت کاروں، معززین، پالیسی سازوں، سول سوسائٹی، طلباء اور معاشرے کے دیگر طبقات نے اس تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان کے 1947 سے اب تک کے ڈیجیٹل ارتقاء کی ایک نمائش بھی دکھائی گئی۔

    قومی، صوبائی اور ضلعی سطحوں پر جامع شماریاتی تجزیہ کے ذریعے، قومی سطح پر نمائندہ سروے کیا گیا۔ جس کے تحت نیشنل ہیومن ڈیویلپمنٹ رپورٹ برائے سال 2023/24 میں سرمایہ کاری تک رسائی، اڈاپشن،، دلچسپی اور بہتری کا جائزہ لیا گیا جس سے پاکستان کا انسانی ترقی کا تیز ترین راستہ بن سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر برائے ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، مالی شمولیت کو تیز کرنا،معاشی ترقی، اور موثر فراہمی عوامی خدما ت کے لیے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔

    قبل ازیں اپنے ریمارکس میں، یو این ڈی پی کی ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا اور پیسفک، کنی وگناراجا نے بتایا کہ کہ ایشیا پیسیفک میں صرف 60 فیصد سے کچھ زیادہ آبادی آن لائن ہے، خواتین اور پسماندہ گروپوں کی نمایاں طور پر کم نمائندگی ہے۔ ”پاکستان عالمی سطح پر 2022 سے 2030 کے درمیان پچیس ملین کے اضافے کے ساتھ متوسط طبقہ پیدا کرنے والا چھٹا سب سے بڑا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے تیز تر کوششیں اس بڑھتے ہوئے متوسط طبقے کے لیے ملک کی پیداواری صلاحیت کو بہت بہتر بنا سکتی ہیں۔

    اس موقع پر یو این ڈی پی پاکستان کے ریذیڈنٹ نمائندہ ڈاکٹر سیموئل رزک کا کہنا تھا کہ ‘اس رپورٹ کو شروع کرنے سے، ہمارا مقصد مستقبل پر مبنی پاکستان میں اپنا حصہ ڈالنا ہے جہاں ڈیجیٹل تبدیلی پاکستان کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ناکافی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور قوت خرید کی کمی کے باعث ملک کے 54.3 فیصد لوگوں کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کے بغیر، پاکستان کی انسانی ترقی کے نتائج کم رہیں گے۔ 87.35 ملین انٹرنیٹ صارفین اور اہم موبائل کنیکٹیویٹی کے ساتھ، پاکستان کا ڈیجیٹل تبدیلی کا سفر ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹین عبور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

  • واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام، میسنجر میں اے آئی چیٹ بوٹس متعارف

    واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام، میسنجر میں اے آئی چیٹ بوٹس متعارف

    میٹا نے پاکستان اور بھارت سمیت براعظم افریقہ کے متعدد ممالک میں اپنے پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ، میسنجر پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس متعارف کردیے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ان چیٹ بوٹس کی صرف آزمائش کی جارہی تھی اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں صرف محدود صارفین کو اے آئی چیٹ بوٹس تک رسائی دی گئی تھی۔تاہم اب تمام ممالک کے تمام صارفین کو یہ سہولت میسر کردی گئی ہے۔میٹا کے سی ای او مارک زکر برگ نے تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت سمیت تعدد ممالک میں اے آئی چیٹ بوٹس متعارف کردیا گیا ہے۔

    مذکورہ فیچر کے تحت کوئی بھی صارف چیٹ جی بی ٹی کے بوٹ کی طرح اے آئی انباکس سیرچ میں جو لفظ لکھے گا یا جو سوال کرے گا سسٹم اسے اے آئی کی مدد سے جواب دے گا۔مثال کے طور پر کوئی بھی صارف سرچ بار میں صرف ’عید‘ کا لفظ لکھے گا تو واٹس ایپ، فیس بک یا انسٹاگرام کا چیٹ بوٹ اسے عید سے متعلق بنیادی اور عام معلومات فراہم کرے گا۔اسی طرح کوئی بھی صارف چیٹ بوٹ میں کسی بھی خاص موضوع پر معلومات یا مواد فراہم کرنے کا کہے گا تو میٹا کا اے آئی سسٹم اسے مذکورہ موضوع پر معلومات یا مواد فراہم کرے گا۔

    اس کے علاوہ مذکورہ فیچر کے ذریعے آپ اے آئی تصاویر بھی بنوا سکتے ہیں مثال کے طور پراگر آپ سیرچ بار میں لکھیں گے کہ مریخ پر ایک شخص دوڑ رہا ہے تو وہ اسی طرح کی اے آئی تصویر آپ کو بنا کر دے سکتا ہے۔یہی نہیں بلکہ اس چیٹ بوٹ سے آپ حالیہ خبروں اور واقعات سے متعلق بھی جان سکتے ہیں۔اس فیچر کو آپ اینڈرائینڈ کے علاوہ ویب سائٹ پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔میٹا کے تمام پلیٹ فارمز پر متعارف کرائے گئے چیٹ بوٹس چیٹ جی بی ٹی کی طرح کام کر رہے ہیں۔

  • گستاخانہ مواد کی تشہیر؛ فیس بک کو پاکستان میں بلاک کرنے کے لئے پی ٹی اے کو درخواست

    گستاخانہ مواد کی تشہیر؛ فیس بک کو پاکستان میں بلاک کرنے کے لئے پی ٹی اے کو درخواست

    سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک پر مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم میں ملوث اکاؤنٹس/پیجز کو بلاک کرنے کے لئے تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان نے پی ٹی اے کو باضابطہ طور پر درخواست دے دی۔درخواست میں فیس بک کو اس وقت تک پاکستان میں بلاک کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے،جب تک فیس بک سے گستاخانہ مواد کو ہٹانے/بلاک کرنے کے لئے کوئی نظام وضع نہیں ہو جاتا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری حافظ احتشام احمد کی جانب سے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی اے کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ”گزشتہ کئی سالوں سے سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک اور واٹس ایپ پر اللّٰہ تعالیٰ،جناب رسول اللّٰہ ﷺ،اہل بیت اطہارؓ،صحابہ کرامؓ،قرآن کریم و دیگر شعائر اسلام کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم جاری ہے۔مذکورہ بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے نتیجے میں درخواست گزار سمیت وطن عزیز پاکستان کے کروڑوں مسلمانوں کے نہ صرف مذہبی جذبات شدید مجروح ہورہے ہیں بلکہ مذکورہ بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کی وجہ سے مسلمان گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بھی بڑی تعداد میں گستاخ اور مرتد بن رہے ہیں۔

    وفاقی وزارت آئی ٹی اورپی ٹی اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کسی بھی قسم کے گستاخانہ مواد کی تشہیر نہ ہو۔کسی بھی قسم کا گستاخانہ مواد سوشل میڈیا پر اپلوڈ نہ ہو۔کوئی بھی ایسا اکاؤنٹ سوشل میڈیا پر ایکٹو نہ ہو،جس کے ذریعے گستاخانہ مواد کی تشہیر کی جارہی ہو۔مگر بدقسمتی سے اس وقت تک وفاقی وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری اداء کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث تین سو سے زائد مجرمان کو اب تک گرفتار کرچکی ہے۔ مذکورہ گرفتار مجرمان میں اکثریت ایسے مجرمان کی ہے،جو واٹس ایپ کے ذریعے مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث تھے۔یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کے ذریعے ایسے گستاخانہ مواد کی تشہیر میں کافی حدتک کمی آچکی ہے۔لیکن بدقسمتی سے فیس بک پر گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم بدستور جاری ہے۔فیس بک پر سینکڑوں اکاؤنٹس/پیجز/گروپس کے ذریعے مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر کی جارہی ہے۔جن میں سے تقریباََ 105 فیس بک اکاؤنٹس/ پیجز اور گروپس کے لنک درخواست ہذا میں درج ہیں۔مذکورہ فیس بک اکاؤنٹس/پیجز اور گروپس کے علاوہ بھی کئی اکاؤنٹس/پیجز اور گروپس کے ذریعے فیس بک پر مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر کی جارہی ہے۔

    آئینی و قانونی طور پر پی ٹی اے پر لازم ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جاری مذکورہ بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے خاتمے کو یقینی بنائے۔اس حوالے سے PECA 2016کی دفعہ37سمیت عدالتی فیصلے واضح ہیں۔اس کے باوجود بھی اگر پی ٹی اے سوشل میڈیا پر جاری مذکورہ بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے سدباب کے لئے عملی اقدامات کرنے سے گریزاں ہے،تو سوشل میڈیا پر جاری مذکورہ گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے ذمہ دار پی ٹی اے کے اعلیٰ حکام بھی ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ اپنے فیصلے بعنوان سلمان شاہد بنام وفاق پاکستان میں یہ بھی قرار دے چکی ہے کہ اختیارات کے باوجود اگر کوئی سوشل میڈیا پر جاری گستاخانہ مہم کے خاتمے کے لئے اقدامات نہ کرے تو اختیارات رکھنے والا شخص/ادارہ بھی مجرم تصور ہوگا اور اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہئیے”۔<

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ”اعلیٰ عدلیہ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری مقدس ہستیوں کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے مکمل سدباب کے لئے بلاتاخیر عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔بالخصوص فیس بک پر موجود مذکورہ اکاؤنٹس/پیجز اور گروپس سمیت دیگر تمام گستاخانہ اکاؤنٹس/پیجز اور گروپس کو فوری طور پر بلاک کیا جائے۔بصورت دیگر جب تک فیس بک پر موجود گستاخانہ مواد کو ہٹانے/بلاک کرنے کے حوالے سے کوئی نظام وضع نہیں ہوجاتا،اس وقت تک ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے روبرو دیئے گئے بیان حلفی اور اس پر فاضل عدالت عالیہ کے فیصلے بعنوان محمد ایوب بنام وفاق پاکستان وغیرہ کی روشنی میں فیس بک کو فوری طور پر پاکستان میں عارضی طور پر بلاک کر دیا جائے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں ایکس(ٹویٹر)گزشتہ دو ماہ سے صرف اس لئے بلاک ہے کہ ایکس(ٹویٹر)کے ذریعے ریاستی اداروں اور قومی سلامتی کے خلاف مہم چلائی جارہی تھی۔ریاستی ادارے اور قومی سلامتی مقدس ہستیوں بالخصوص حضور ﷺ کی عزت و ناموس سے قطعی طور پر مقدم نہیں۔لہٰذا مقدس ہستیوں بالخصوص حضور ﷺ کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لئے فیس بک سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا ایپلی کیشن کو بھی بلاک کرنا پڑے تو اس سے گریز نہیں کیا جانا چاہئیے۔گر درخواست ہذا پر بلاتاخیر کاروائی نہ کی گئی تو درخواست گزار دادرسی کے لئے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر مجبور ہو گا”۔مذکورہ درخواست کی کاپی وفاقی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

  • میٹا کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی تصاویر اور ویڈیوز سے متعلق بڑا فیصلہ

    میٹا کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی تصاویر اور ویڈیوز سے متعلق بڑا فیصلہ

    میٹا کی جانب سے مئی 2024 سے فیس بک، انسٹا گرام اور تھریڈز پر پوسٹ کی جانے والی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی تمام تصاویر  او ر ویڈیوز پر پر لیبل لگائے جائیں گے۔اے آئی مواد پر لیبل لگانے کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن مواد کی روک تھام کرنا ہے۔

    کمپنی کے مطابق اے آئی سے تیار شدہ تمام مواد پر لیبل لگائے جائیں گے، البتہ اے آئی سے تیار کردہ تصاویر یا ویڈیو کو اسی وقت ڈیلیٹ کیا جائے گا جب پالیسیوں کی خلاف ورزی ثابت ہوگی۔کمپنی نے تسلیم کیا کہ اس حوالے سے موجودہ پالیسی کافی محدود ہے جو 2020 میں متعارف کرائی گئی تھی۔

    میٹا نے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 4 برس کے دوران بالخصوص 2023 میں لوگوں نے اے آئی کی مدد سے حقیقی نظر آنے والا مواد تیار کیا ہے اور یہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔بیان کے مطابق اوور سائیٹ بورڈ کی مشاورت سے پالیسی میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ 13 ممالک کے 23 ہزار سے زائد افراد میں ایک سروے بھی کرایا گیا، جس میں 82 فیصد نے اے آئی مواد پر لیبل لگانے کے حق میں ووٹ دیا۔

    میٹا کی جانب سے پہلے ہی اس کے امیجن اے آئی انجن سے تیار کیے جانے والے مواد پر لیبلز اور واٹر مارک کا اضافہ کیا جاتا ہے۔مگر مئی سے تھرڈ پارٹی ذرائع جیسے اوپن اے آئی، گوگل اور دیگر سے تیار کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز پر بھی لیبلز کا اضافہ کیا جائے گا۔اے آئی مواد پر لیبل لگانے کا عمل میٹا کے سسٹم کے ساتھ مکمل کیا جائے گا جبکہ صارفین پر زور دیا جائے گا کہ وہ اے آئی آڈیو یا ویڈیو فائل اپ لوڈ کرتے ہوئے یہ واضح کریں کہ انہیں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

  • ٹیکنو نے  اب تک کا بہترین فون 20 پرو پلس متعارف کرادیا

    ٹیکنو نے اب تک کا بہترین فون 20 پرو پلس متعارف کرادیا

    سمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی ٹیکنو نے اپنی مقبول اسپارک سیریز کا اب تک کا بہترین فون 20 پرو پلس متعارف کرادیا۔کمپنی پہلے ہی اسپارک 20، اسپارک 20 پلس کو متعارف کرا چکی ہے اور اب کمپنی نے سیریز کا نیا فون 20 پرو پلس پیش کردیا۔اسپارک 20 پرو پلس کو 78-6 انچ اسکرین اور 16 جی بی ریم جب کہ 256 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

    فون کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 108 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل کا ہے۔اسی طرح اسپارک 20 پرو پلس کو 32 میگا پکسل سیلفی کیمرے کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کی کیمرا ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کردیا گیا اور سیلفی کیمرے سے 2 کے ویڈیو بھی بنائی جا سکتی ہے۔

    کمپنی نے فون کو اینڈرائیڈ 14 کے آپریٹنگ سسٹم، 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری اور 33 واٹ چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔کمپنی نے فوری طور پر فون کی قیمت کا اعلان نہیں کیا اور اسے چین سمیت محدود ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔امکان ہے کہ فون کو چند دن میں پاکستان میں بھی پیش کردیا جائے گا اور اس کی قیمت پاکستانی 50 ہزار روپے تک رکھے جانے کا امکان ہے۔

  • سائبر حملے کی نشاندہی، گوگل کروم نے کیا تنبیہ کردی ؟

    سائبر حملے کی نشاندہی، گوگل کروم نے کیا تنبیہ کردی ؟

    ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے لاکھوں کروم صارفین کو سائبر حملہ کی نشان دہی کے بعد اپنے براؤزر اپ ڈیٹ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔کمپنی کے مطابق سائبر حملے کے سبب ہیکرز صارفین کے کمپیوٹر کا کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔گوگل نے خبردار کیا کہ سائبر مجرمان نقصان دہ پوپ اپ ونڈوز یا ویب سائٹ کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ صارفین کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکے۔

    کمپنی کی جانب سے جاری کی جانے والی اہم اپ ڈیٹ نے براؤزر میں موجود نقص کو ختم کیا ہے جس کو صارفین گوگل کروم براؤزر کے سیٹنگز کے حصے میں جا کر حاصل کر سکتے ہیں۔گوگل کے مطابق کروم کے ابتدائی ورژن میں موجود یہ نقص سائبر حملہ آوروں کو ایک ایچ ٹی ایم ایل پیج کے ذریعے صارفین کی ڈیوائس پر حملہ کرنے میں مدد دیتا تھا، تاہم کمپنی کی جانب سے نقص کے متعلق واضح طور پر نہیں بتایا گیا۔

    عموماً جب سکرین پر کوئی جعلی ایچ ٹی ایم ایل پیج نمودار ہوتا ہے جو دکھنے میں تو عام ویب سائٹ سا ہوتا ہے لیکن صارف کے اس پر کلک کرنے کے بعد ہیکرز کمپیوٹر پر قبضہ کرتے ہوئے معلومات چرا سکتے ہیں۔یہ ایچ ٹی ایم ایل پیج بطور پوپ اپ بھی سامنے آسکتے ہیں اور صارفین کو تازہ ترین اینٹی وائرس سافٹ ویئر یا براؤزر ڈاؤن لوڈ کرنے کے متعلق کہہ سکتے ہیں لیکن اس کے بجائے ایسے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر دیئے جاتے ہیں جس سے ہیکرز صارفین کا ڈیٹا چرا لیتے ہیں۔

  • سال 2024ء کا پہلا مکمل سورج گرہن 8 اپریل کو ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟

    سال 2024ء کا پہلا مکمل سورج گرہن 8 اپریل کو ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟

     رواں سال کا پہلا مکمل سورج گرہن 8 اور 9 اپریل کی درمیانی شب ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق  سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا، سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق 8 اپریل کی رات 8 بج کر 42 منٹ پر شروع ہوگا۔ سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 11بج کر17 منٹ پر عروج پر ہوگا جب کہ اس کا اختتام 9 اپریل کی رات ایک بج کر 52 منٹ پر ہوگا۔

    سورج گرہن مغربی یورپ، شمالی اور جنوبی امریکا میں دیکھاجاسکےگا۔اس کے علاوہ سال کا پہلا مکمل سورج گرہن بحرالکاہل، بحراوقیانوس اور  بحرمنجمدمیں دیکھاجاسکےگا۔واضح رہے کہ اگست 2017 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب امریکا میں مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا اور اگلی بار اسے دیکھنے کے لیے خطے کے لوگوں کو اگست 2044 تک انتظار کرنا ہوگا۔دنیا میں آخری بار مکمل سورج گرہن دسمبر 2021 میں ہوا تھا مگر اس کا مشاہدہ صرف انٹار کٹیکا میں ہوا تھا۔

  • ’شیاؤمی‘ نے اپنی پہلی الیکٹرک کار متعارف کرا دی

    ’شیاؤمی‘ نے اپنی پہلی الیکٹرک کار متعارف کرا دی

    چینی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی ’شیاؤمی‘ نے اپنی پہلی الیکٹرک کار متعارف کرا دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے سیکٹر تیزی سے پھیلا ہے، درجنوں مقامی آٹو ساز ادارے سخت مسابقت کی حامل منڈی میں قیمتوں کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹو لی جن نے بتایا کہ وہ اب ای وی ’ایس یو 7‘ کے ساتھ چینی کار کمپنی بی وائی ڈی اور ایلون مسک کو چیلنج کرتے ہوئے اس مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ایس یو 7 کے بیسک ماڈل کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 900 یوآن (29 ہزار 868 ڈالر) ہوگی جو 9 مختلف رنگوں میں ایس یو 7 دستیاب ہوگی، اس میں کراوکی اور ایک منی فریج سہولیات بھی موجود ہیں۔

    شیاؤمی نے عہد کیا ہے کہ یہ 5 لاکھ یوآن سے کم قیمت والی رینج میں ’پرکشش نظر آنے والی، بہترین ڈرائیونگ اور ہوشیار ترین کار‘ ہوگی۔لی جن نے بتایا کہ ان کی کمپنی کی پہلی گاڑی کا موازنہ ٹیسلا کے ماڈل 3 سے کیا جاسکتا ہے اور اس نے کچھ پہلوؤں میں امریکی کار بنانے والی سیڈان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، میرا خیال ہے کہ ہم ماڈل 3 کے صارفین کو بہتر گاڑی فراہم کرسکتے ہیں۔

  • رواں برس کا پہلا چاند گرہن کل ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟

    رواں برس کا پہلا چاند گرہن کل ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟

    سال 2024 کا پہلا چاند گرہن کل (25 مارچ) کو ہوگا۔چاند گرہن پاکستان میں دیکھنا ممکن نہیں ہوگا، اس جزوی چاند گرہن کے دوران زمین کا بہت کم سایہ چاند پر نظر آئے گا، اس سے چاند کا کوئی حصہ چھپتا نہیں،اس طرح کے چاند گرہن کو ’پینمبرل‘ چاند گرہن کہا جاتا ہے، ’پینمبرل‘ چاند گرہن کے دوران چاند کی چمک معمولی ماند پڑتی ہے۔یہ چاند گرہن امریکہ، یورپ کے بیشتر ممالک، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی اور مشرقی ایشیا میں نظر آئے گا جبکہ پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی اس کا نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔

    چاند گرہن 25 مارچ کو صبح 9 بجکر 53 منٹ پر شروع ہوگا جودوپہر 12 بجکر 12 منٹ پر عروج کو پہنچے گا ،چاند گرہن کا اختتام دوپہر 2 بجکر 32 منٹ پر ہوگا، مجموعی طور پر چاند گرہن کا دورانیہ 4 گھنٹے 40 منٹ ہوگا۔واضح رہے رواں سال کا دوسرا جزوی چاند گرہن 17 ستمبر کو ہوگا۔

  • رئیل می 12 متعارف

    رئیل می 12 متعارف

    سمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی رئیل می نے اپنی معروف سیریز 12 کا تیسرا اور قدرے سستا فون متعارف کرادیا۔کمپنی نے چند ہفتے قبل رئیل می 12 پرو اور رئیل می 12 پرو پلس متعارف کرایا تھا، جنہیں فیچرز کے حوالے سے اچھے فون قرار دیا گیا تھا۔اب کمپنی نے 12 سیریز کا سستا فون رئیل می 12 متعارف کرایا ہے، جس سے متعلق کمپنی کا دعویٰ ہے کہ محض ایک گھنٹے میں فون کی بیٹری زیرو سے 100 فیصد تک چارج کی جا سکتی ہے۔

    رئیل می 12 کو 72-6 انچ اسکرین اور اینڈرائیڈ 14 کے آپریٹنگ سسٹم جب کہ فائیو جی سپورٹ کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔فون کو صرف 6 جی بی ریم اور 128 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اس میں فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر سیکیورٹی فیچرز بھی دیے گئے ہیں۔رئیل می 12 کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 108 میگا جب کہ دوسرا دو میگا پکسل کا دیا گیا ہے جب کہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

    فون کو 5 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری جب کہ 45 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کو محض ایک گھنٹے میں زیرو سے 100 فیصد تک چارج کیا جا سکتا ہے۔کمپنی نے فون کو فوری طور پر چین اور بھارت میں متعارف کرایا ہے، تاہم جلد ہی اسے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔کمپنی نے رئیل می 12 کی پاکستانی قیمت 57 ہزار روپے تک رکھی ہے، تاہم ممکنہ طور پر اسے پاکستان میں پیش کرتے وقت اس کی قیمت مزید کم کردی جائے گی۔

  • فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام کی سروس ایک گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہونا شروع

    فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام کی سروس ایک گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہونا شروع

    سوشل ویب سائٹ فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام کی سروس ایک گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئیں۔تینوں پلیٹ فارمز کی سروسز 5 مارچ کی رات 8 بجے کے بعد ڈاؤن ہونا شروع ہوئی تھیں اور صارفین کے اکاؤنٹ از خود لاگ آؤٹ ہوگئے تھے۔تینوں پلیٹ فارمز کی مالک کمپنی میٹا نے تینوں پلیٹ فارمز کی سروسز متاثر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کمپنی کے ماہرین سروسز بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

    میٹا کے پیج پر تصدیق کی گئی تھی کہ دنیا بھر کے صارفین کو فیس بک لاگ ان میں مسائل کا سامنا ہے اور کمپنی کے ماہرین مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہیں۔میٹا کی جانب سے اپنے پروفیشنل پلیٹ فارم ورک پلیس پر بھی لاگ ان ہونے کی کوشش کے وقت پیغام دیا جانے لگا تھا کہ جلد ہی صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔اگرچہ میٹا کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ کمپنی تینوں پلیٹ فارمز کی سروس میں آنے والے مسئلے سے متعلق آگاہ ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ تینوں پلیٹ فارمز کس خرابی کی وجہ سے متاثر ہوئے۔فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام کے کاؤنٹس پاکستان سمیت دنیا بھر میں متاثر ہوئے تھے صارفین کے اکاؤنٹس ازخود لاگ آؤٹ ہوگئے اور کوششوں کے باوجود صارفین اکاؤنٹس تک رسائی حاصل نہیں کر پائے۔

  • پاکستان، بھارت ایشیا، یورپ اور مشرق وسطی میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

    پاکستان، بھارت ایشیا، یورپ اور مشرق وسطی میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

    بحیرہ احمر میں موجود  انٹرنیٹ ڈیٹا تاریں کٹنے کے باعث دنیا بھرمیں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    پاکستان، بھارت ایشیا، یورپ اور مشرق وسطی کے ممالک متاثرہوسکتے ہیں۔ ایک ساتھ چارکیبلز کا کٹ جانا انتہائی غیرمعمولی ہے۔

    سی کوم کے چیف ڈیجیٹیل آفیسر پرانیش پڈایاشی کا کہنا تھا کہ یمنی میریٹائم سے پرمٹ کے حصول میں 8 ہفتے لگ سکتے ہیں، تاہم کیبلز کی مرمت تک ٹریفک روٹ کو تبدیل کیا جائے گا۔

    ہانگ کانگ کی ٹیلی کام کمپنی  ایچ جی سی کے مطابق  تقریبا 25 فیصد تک ایشیا، یورپ اور مشرق وسطی کا ٹریفک متاثر ہو رہا ہے۔

    کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کو پیش آ نے والی دشواری کو کم کرنے کے لیے ٹریفک روٹ کو تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ کاروبار کو اسسٹنٹ بھی فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم کمپنی کی جانب سے کیبلز کو نقصان پہنچنے کی وجوہات نہیں بتائی جا سکی ہیں۔

    عالمی میڈیا سے گفتگو میں جنوبی افریقن کمپنی Seacom کا کہنا تھا کہ کیبلز کی مرمت میں تقریبا 1 ماہ سے زائد لگ سکتے ہیں، جبکہ اس حوالے سے کہنا تھا کہ وقت زیادہ لگنے کی وجہ اس ایریا میں مرمت کے لیے سیکیورٹی پرمٹ کا حصول ہے۔

    Seacom کے چیف ڈیجیٹیل آفیسر پرانیش پڈایاشی کا کہنا تھا کہ یمنی میریٹائم سے پرمٹ کے حصول میں 8 ہفتے لگ سکتے ہیں، تاہم کیبلز کی  مرمت تک ٹریفک روٹ کو تبدیل کیا جائے گا۔

    دوسری جانب دیگر متاثر ہونے والے نیٹ ورکس میں ایشیا، افریقہ، یورپ 1، 25,000 کلومیٹر (15,534-میل) کیبل سسٹم ہے جو جنوب مشرقی ایشیا کو مصر کے راستے یورپ سے جوڑتا ہے۔ یورپ انڈیا گیٹ وے (EIG) کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ EIF یورپ، مشرق وسطی اور بھارت کو جوڑتا ہے۔

    کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ وہ انڑنیٹ ٹریفک کو کچھ 80 سب میرین کیبل سسٹمز تک پہنچا سکتی ہے، جس سے 100 ممالک تک رسائی ممکن ہوگی۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ کا سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی بندش، پی ٹی اے اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی بندش، پی ٹی اے اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی بندش پر پی ٹی اے اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری کر دیا۔ 17 فروری سے ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سماعت کی۔

    دورانِ سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سوال کیا کہ ایکس بند ہے؟

    درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ 17 فروری سے ایکس بند ہے۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں بھی یہ معاملہ تھا اس پر کیا ہوا؟

    درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ اس معاملے پر سندھ ہائی کورٹ میں آج توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی ہے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کر رہا ہوں۔ عدالت نے آئندہ ہفتے کے لیے پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو نوٹس جاری کردیے۔

  • ایکس کی بندش کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

    ایکس کی بندش کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کی بندش کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

    صحافی احتشام عباسی نے وکیل سردار مصروف خان کے ذریعے معاملے پر عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق کل ’ایکس‘ کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کریں گے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کو بحال کرنے کے احکامات جاری کرے۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ 17 فروری کے بعد سے اب تک ’ایکس‘ تک شہریوں کی رسائی ممکن نہیں، پی ٹی اے کی جانب سے کسی باقاعدہ نوٹس اور نوٹی فکیشن کے بغیر ہی پابندی عائد کردی گئی ہے، ایکس کی مسلسل بندش آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارت اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے۔گزشتہ روز جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ’ایکس‘ سے پابندی ہٹانے کے مطالبے کی قرارداد سینیٹ میں جمع کرائی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں 17 فروری سے بند ہونے والی ’ایکس‘ کی سروس تاحال بحال نہیں ہوسکی ہے۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پاکستان میں ایکس کی سروس کیوں بند ہے؟ حکومت نے بھی اس متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی، تاہم سندھ ہائی کورٹ نے 22 فروری کو پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اس کی سروس بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔پی ٹی اے نے تاحال عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا اور نہ ہی اس نے ایکس کی سروس بند ہونے سے متعلق کوئی وضاحت جاری کی ہے۔

  • ٹیکنو نے اپنا فون پووا 6 متعارف کرادیا

    ٹیکنو نے اپنا فون پووا 6 متعارف کرادیا

    سمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی ٹیکنو نے رواں سال کا بہترین کیمرا کا حامل اپنا فون پووا 6 متعارف کرادیا۔ٹیکنو پووا 6 کو 78-6 انچ اسکرین جب کہ طاقتور ترین بیٹری اور فاسٹ ترین چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔فون کو 6 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری اور 70 واٹ کے فاسٹ چارجر کے علاوہ فنگر پرنٹ سینسر اور دیگر سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

    ٹیکنو پووا 6 کے بیک پر دو جب کہ فرنٹ پر ایک سیلفی کیمرا دیا گیا ہے، فون کے بیک پر مین کیمرا 108 میگا پکسل جب کہ دوسرا محض 2 میگا پکسل دیا گیا ہے۔فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جب کہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کے کیمرا ٹیکنالوجی کو مزید بہتر کردیا گیا۔

    فون کو 8 اور 12 جی بی ریم جب کہ 256 جی بی میموری کے ماڈیولز اور مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔فون کے 8 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت 63 ہزار روپے جب کہ 12 جی بی ریم کی قیمت 74 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔فون کو ابتدائی طور پر چین میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم اسے جلد ہی پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں پیش کردیا جائے گا۔

  • گوگل نے جی میل کی بندش کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا

    گوگل نے جی میل کی بندش کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا

    گوگل کی ای میل سروس ’جی میل ‘ عالمی سطح پر مقبول ترین ای میل کمیونیکیشن سروس کے طور پر جانی جاتی ہے جس سے متعلق گزشتہ کچھ دنوں سے افواہیں ہیں کہ یہ اگست 2024 میں بند ہوجائے گا۔دفتری ملازمین، طالب علموں اور مالیاتی اداروں سمیت سب کے لیے انٹرنیٹ ایک بنیادی ضرورت ہے اور ای میلز متعدد آفیشل کاموں کے لیے کی جاتی ہیں جن کے لیے جی میل کا استعمال ہوتا ہے۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ سامنے آئی جس میں ای میل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا جس کا عنوان  ‘Google is sunsetting Gmail’ تھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین سخت پریشانی کا شکار ہوگئے کہ کیا واقعی جی میل بند ہوجائے گی۔اسکرین شاٹ میں گوگل کی جانب سے مطلوبہ پیغام میں لکھا گیا ہے کہ ‘دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو جوڑنے، بغیر کسی رکاوٹ کے مواصلات کو فعال کرنے اور لاتعداد رابطوں کو فروغ دینے کے بعد Gmail کا سفر اختتام پذیر ہو رہا ہے، یکم اگست 2024 سے Gmail باضابطہ طور پر بند ہوجائے گا’۔

    یہ پوسٹ سامنے آتے ہی وائرل ہوگئی جس کے بعد صارفین کے ذہنوں میں مختلف سوالات نے جنم لیا۔افواہوں کو مزید روکنے کے لیے گوگل نے اپنے آفیشل جی میل ایکس اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کی اور بتایا کہ یہ تمام خبریں جھوٹی ہیں اور   Gmail اپنی سروس بلا تعطل جاری رکھے گا۔

  • اب تک کا سب سے سستا فولڈ ایبل فون متعارف

    اب تک کا سب سے سستا فولڈ ایبل فون متعارف

    چینی سمارٹ موبائل فون کمپنی ’زیڈ ٹی اِی‘ نے اب تک کا سب سے سستا فولڈ ایبل فون متعارف کرادیا۔عام طور پر فولڈ ایبل فونز کی قیمت پاکستانی ڈھائی سے تین لاکھ روپے کے درمیان ہوتی ہے، تاہم بعض فونز کی قیمت ساڑھے تین لاکھ روپے تک بھی جا پہنچتی ہے۔تاہم ’زیڈ ٹی اِی‘ نے دیگر کمپنیوں کے مقابلے انتہائی سستا فولڈ ایبل فون متعارف کرادیا، جسے جاپان میں فروخت سے قبل آن لائن خریدنے پر مزید رعایت بھی دینے کا اعلان کردیا گیا۔

    کمپنی نے ’زیڈ ٹی اِی: لبیرو فلپ‘ کو متعارف کراتے ہوئے اس کی جاپان میں پری آرڈر بکنگ پر تقریبا 50 فیصد رعایت کا بھی اعلان کردیا۔فون کو 7-6 انچ اسکرین، اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم جب کہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔’زیڈ ٹی اِی: لبیرو فلپ‘ کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل کا ہے۔

    اسی طرح فون کے فرنٹ پر ہول پنچ کے ساتھ 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔فولڈ ایبل فون کو 4300 ایم اے ایچ بیٹری اور 33 واٹ کے فاسٹ چارجر سمیت فنگر پرنٹ سینسر اور دیگر سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

    کمپنی نے فون کی مجموعی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار روپے رکھی ہے، تاہم مختلف ممالک میں اسے فروخت کے لیے پیش کرتے وقت اس میں مزید کمی کرنے کا امکان ہے۔’زیڈ ٹی اِی: لبیرو فلپ‘ کو جلد ہی پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر پاکستان میں اس کی قیمت کم کرکے ایک لاکھ روپے تک کردی جائے گی۔

  • سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروس ڈاؤن

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروس ڈاؤن

    پاکستان کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروس ڈاؤن ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سوشل میڈیا کی بندش اور مانیٹرنگ سروس ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں ہفتے کی رات 9 بجے سے ایکس ڈاؤن ہے، صارفین کی شکایت ہے کہ انہیں ٹوئٹس اور نئی پوسٹس دیکھنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔

    اس کےعلاوہ صارفین ایکس پر نہ ٹوئٹ کرسکتے ہیں اور نہ کوئی ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں۔ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ہفتے کی رات رات 9 بجے ایکس کی بندش کی کم از کم 185 شکایات موصول ہوئیں، جو رات 9 بجکر 24 منٹ تک 239 ہو گئیں۔

    اس کےعلاوہ سائبر سیکیورٹی واچ ڈاگ نیٹ بلاکس نے بھی ’لائیو میٹرکس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس سروس کی بندش کی تصدیق کی ہے۔قبل ازیں ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران پاکستان کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کا سامنا تھا۔اس دوران ملک میں ’سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے‘ موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی تھی، ایکس سروس کی بندش کی وجہ سے ہزاروں صارفین کو ٹوئٹس کرنے اور نئی ٹوئٹس دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

  • ریڈمی کے اے سیریز کا سستا ترین فون متعارف

    ریڈمی کے اے سیریز کا سستا ترین فون متعارف

    سمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی شیاؤمی نے اپنے برانڈ ریڈمی کے اے سیریز کا سستا ترین فون متعارف کرادیا۔کمپنی نے ریڈمی اے تھری کو 7-6 انچ اسکرین اور فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔ریڈمی اے 3 کو اینڈرائیڈ 14 کے آپریٹنگ سسٹم جب کہ ہیلیو جی 360 کی چپ میں پیش کیا ہے، اسے مختلف میموری ماڈیولز میں متعارف کرایا گیا ہے۔

    کمپنی نے فون کو 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری جب کہ 10 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔فون کے بیک پر ایک 5 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جب کہ بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں۔ریڈمی اے 3 کے بیک پر مین کیمرا 8 میگا پکسل دیا گیا ہے جب کہ دوسرا کیمرا کو اس سے کم پکسلز کا دیا گیا ہے، تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فونز کے کیمروں کی ٹیکنالوجی اپڈیٹ سینسرز سے لیس ہے۔

    فون کو 3، 4 اور جی بی ریم جب کہ 64 اور 128 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔کمپنی نے سب سے کم 3 جی بی ریم اور 64 جی بی میموری ماڈیول کی پاکستانی قیمت 24 ہزار، 4 جی بی ریم اور 128 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت 27 ہزار روپے رکھی ہے۔

    کمپنی نے سب سے مہنگے یعنی 6 جی بی ریم اور 126 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت محض 30 ہزار روپے رکھی ہے۔فون کو ابتدائی طور پر چند ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، تاہم اسے جلد ہی پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔a