بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شوال کا چاند نظرآ گیا: عید کی خوشیاں مبارک، مولانا عبدالخبیرآزاد

عید الفطرکا یکم شوال کا چاند نظر آ گیا، عید الفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔عید الفطر کی رویت کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد کی سربراہی ہوا۔ اجلاس 5 گھنٹے سے زائد تک جاری رہا۔ اسکے علاوہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں متعدد علماء نے شرکت کی۔ملک بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں، بہت سی جگہ پر مطلع ابر آلود تھا۔ چمن، قلعہ سیف اللہ، پشاور اور مختلف مقامات شامل ہیں۔ تمام مسلمانوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔

اس سے قبل مسجد قاسم خان میں 23 افراد نے چاند کی شہادت دی ہے، ان شہادتوں کی شرعی اصولوں کے مطابق تصدیق کرنے کے بعد مفتی پوپلزئی نے کہا ہے کہ جمعرات 13 مئی کو شوال کا پہلا دن ہو گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی ملک میں گزشتہ روز شوال کا چاند نہیں دیکھا جاسکا جس کی وجہ سے بیشتر ممالک میں آج 30واں روزہ ہے اور عید الفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔

یادرہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر لکھا کہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج (بدھ) کو نظر آنا ممکن ہی نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی، سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔

مزید پڑھیے  پرامید ہوں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی،رمیز راجا

اس سے قبل وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عید یا رمضان کا فیصلہ کرنا کسی وزیر یا حکومتی شخصیت کے لیے مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے سے پہلے اہم دینی و شرعی حکم کا فیصلہ دینا دینی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، اس کام کے لیے حکومت کا متعین ادارہ اور جید علما سمیت متعلقہ اداروں کی نمائندگی موجود ہے، اور اس بات کا فیصلہ کرنا کسی حکومتی شخصیت یا وزیر کا کام نہیں ہے۔

Back to top button