بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نادرا نے آئی ایس او 27001 سرٹیفکیشن حاصل کر لی

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بہترین فریم ورک اور انفارمیشن سیکیورٹی مینجمنٹ سسٹمز کے اعلیٰ ترین معیارات کے نفاذ اور عمل درآمد کی بدولت ISO 27001 سرٹیفیکیٹ حاصل کی۔

آئی ایس او 27001 بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بہترین طریقوں کا فریم ورک ہے۔ نادرا اب آئی ڈی کارڈ پرنٹنگ، نیٹ ورکس اینڈ کمیونیکیشنز، انفراسٹرکچر اور انفارمیشن سیکیورٹی کے شعبوں میں آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہے۔ اس نے اب انفارمیشن سیکیورٹی مینجمنٹ سسٹمز (ISMS) کے لیے تصدیق کی ہے اور یہ دنیا بھر میں انفارمیشن سیکیورٹی کے سب سے سخت معیارات میں سے ایک ہے۔

نادرا ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے، چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا، “انٹرنیشنل اسٹینڈرڈز آرگنائزیشن سرٹیفیکیشن اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شناختی اثاثوں کے انتظام کے لیے نادرا کا عمل درآمد اور پالیسیوں کا نفاذ بین الاقوامی معیارات کے عین مطابق ہے، جس کی توثیق تیسرے فریق کے آڈٹ کے ذریعے کی گئی ہے۔”

چیئرمین نادرا طارق ملک نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او 27001 سرٹیفیکیشن اس بات کا ثبوت ہے کہ نادرا کا انفارمیشن سیکیورٹی نظام، سیکیورٹی کے اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارات کے عین مطابق ہے جن کا باقاعدگی کے ساتھ آڈٹ کیا جاتا ہے اور تمامتر ڈیٹا کے تحفظ اور سکیورٹی کے انتظامات میں بہتری کا عمل مسلسل بنیادوں پر جاری ہے۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں تحفظ، سکیورٹی اور رازداری یقینی بنانے کے لئے تفصیلی پالیسیاں وضع کی گئی ہیں جو ہر قسم کے سائبر خطرات کا تدارک یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کی تمامتر مصنوعات، خدمات اور اس کا انفراسٹرکچر “سیکیورٹی از ڈیفالٹ” اور “پرائیویسی از ڈیزائن” جیسے بین الااقوامی پروٹوکولز کے تحت “آئی ڈی سسٹم لائف سائیکل”کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں جو نہ صرف ہر لحاظ سے محفوظ ہیں بلکہ عالمی سطح پر باقاعدہ تسلیم شدہ بھی ہیں۔

مزید پڑھیے  نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا ننشیا کی میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات

چیئرمین نادرانے مزید کہا، “یہ شہریوں کے ڈیٹا کی حفاظت اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے نادرا کے عزم کو مزید تقویت دیتا ہے اور درخواست کے ڈیزائن اور عمل میں شامل سیکیورٹی کی توثیق کرتا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بین الااقوامی آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈائزیشن (ISO) ،ایک آزاد، غیر سرکاری اور بین الاقوامی تنظیم ہے۔ جو ماہرین تک معلومات کی رسائی کو یقینی بنانے، اور رضاکارانہ آمادگی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اتفاق رائے پر مبنی طلب کو پیش نظر رکھنے اور اس سارے عمل کو مارکیٹ کے قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری بین الاقوامی معیارات کا تعین کرتی ہے جو کہ نہ صرف جدت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں بلکہ گلوبل چیلنجز سے نمٹنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

Back to top button