
وزیراعظم شہباز شریف نے ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں ادویات کی دستیابی، قیمتوں اور ان کی اصلیت کی تصدیق کو آسان بنانے کے لیے وزارت قومی صحت کی جانب سے تیار کردہ ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا۔
اسلام آباد میں ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسے ایک بہترین اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعے عوام ادویات کی اصلیت، قیمتوں اور دستیابی کے بارے میں باآسانی معلومات حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعظم نے وزارت قومی صحت کو ہدایت کی کہ ایپلی کیشن کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے اور اس کے فوائد ہر گھر تک پہنچانے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی کے لیے ادویات کو سستا اور قابل رسائی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبِ ثروت افراد بہترین اور مہنگے اسپتالوں میں علاج کرانے کی استطاعت رکھتے ہیں، تاہم لاکھوں افراد کے لیے ادویات تک رسائی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
وزیراعظم نے وزارت قومی صحت پر زور دیا کہ وہ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کے لیے فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور متعلقہ ماہرین کے ساتھ مشاورت کرے۔
قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی یکساں سہولیات کی فراہمی طرز حکمرانی کا بنیادی اصول ہونا چاہیے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کریں گی۔
اس موقع پر وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ محفوظ دوا ایپلی کیشن کا اجرا انسانی زندگیوں کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس منصوبے میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے تعاون کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کے تحت 92 ہزار ادویاتی مصنوعات کا ڈیٹا بیس تیار کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ نے بتایا کہ اتھارٹی کے تمام ریگولیٹری امور اور عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔















