وزیر خزانہ اور یو این ڈی پی کے درمیان پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے وفد نے ریزیڈنٹ نمائندے سیموئل رزک کی قیادت میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، ماحولیاتی فنانسنگ کے مواقع اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران یو این ڈی پی کے وفد نے قومی ترقیاتی اور ماحولیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ممکنہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تیاری میں پاکستان کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وفد کے مطابق مجوزہ منصوبوں میں صاف توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت، آبی وسائل اور غذائی تحفظ، قدرتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور سرکلر اکانومی سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس اقدام کو قومی ترجیحات اور ٹھوس ترقیاتی نتائج سے ہم آہنگ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں ایسے منتخب منصوبوں کے پورٹ فولیو پر توجہ مرکوز کی جائے جن پر عمل درآمد کا واضح طریقہ کار موجود ہو اور جن کے ذریعے مقررہ وقت میں قابلِ ذکر پیش رفت کا مظاہرہ کیا جا سکے۔

↑
Exit mobile version