پاکستان اور قطر کا زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو طویل المدتی تجارتی شراکت داری میں بدلنے پر زور

پاکستان اور قطر نے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو طویل المدتی تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے امکانات پر زور دیا ہے۔

اس عزم کا اظہار وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور قطر کے معروف ادارے بلدنا گروپ کے وفد کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے زرعی تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور لائیو اسٹاک کی ترقی، ڈیری مصنوعات، جانوروں کی خوراک اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

رانا تنویر حسین نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نجی شعبے کو شامل کرکے قابلِ عمل تجارتی شراکت داریاں قائم کرنے کی تجویز دی اور پاکستان کو پورے مشرقِ وسطیٰ کے لیے جانوروں کی خوراک کی فراہمی کا ممکنہ مرکز بنانے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے جانوروں کی خوراک کی برآمدات سے آگے بڑھتے ہوئے ڈیری اور لائیو اسٹاک فارمنگ، جدید مذبح خانوں، گوشت کی پراسیسنگ، دودھ کی پراسیسنگ اور پیکجنگ کے علاوہ پنیر، ملک پاؤڈر اور دیگر ڈیری مصنوعات کی تیاری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی بھی تجویز دی۔

انہوں نے قطر کو پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ معیار کا چاول، اضافی پیداواری صلاحیت اور مسابقتی قیمتیں موجود ہیں۔

دوسری جانب بلدنا گروپ کے وفد نے پاکستان کو اپنی بڑھتی ہوئی عالمی کاروباری سرگرمیوں کے لیے جانوروں کی خوراک کا ممکنہ اسٹریٹجک سپلائر قرار دیا۔

وفد نے اپنی عالمی سپلائی چین کو متنوع بنانے کے لیے پاکستان سے مکئی، سویابین، الفالفا، روڈز گراس اور دیگر چارہ جاتی فصلیں حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور روایتی زرعی و ڈیری مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک کو درپیش بڑھتے ہوئے ماحولیاتی دباؤ کے تناظر میں پیدا ہونے والے نئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری وفد نے پاکستان کی جانب سے مسابقتی قیمتوں پر جانوروں کی خوراک اور ڈیری مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان مصنوعات کی ایشیائی اور مشرقِ وسطیٰ کی منڈیوں میں طلب بڑھ رہی ہے۔

↑
Exit mobile version