پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور اسے معاشی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی، اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کے شعبوں میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کو ٹیکنالوجی کے فروغ اور آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے مراکز بنایا جائے۔

شہباز شریف نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کے قیام سے متعلق قوانین کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان کی کسی ممکنہ غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ انہوں نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے آئی ٹی تربیتی پروگرام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ علی بابا کے تعاون سے اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر عمل درآمد جاری ہے۔ علی بابا حکومتِ پاکستان کے لیے ایک جامع سپر ایپ تیار کر رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو تمام سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔

اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سات کلسٹرز کے تحت 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری ہے، جن میں سے 21 فعال جبکہ 11 زیر تعمیر ہیں۔ ان زونز میں اب تک 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ مزید 105 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز زیر غور ہیں۔ ان زونز میں تقریباً 300 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنے دفاتر قائم کر لیے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں 5G سروسز کے آغاز پر پیش رفت تسلی بخش ہے جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں نے 86 شہروں میں نیٹ ورک اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔

اجلاس میں آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال جون تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران یہ برآمدات 1.24 ارب ڈالر رہیں۔

اسی طرح جون 2026 تک فری لانسرز کی برآمدات 1.165 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ آئی ٹی کمپنیوں کی تعداد میں اضافے اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے آغاز میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔

↑
Exit mobile version