پاکستان اور روس کا 2030 تک باہمی تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس میں ہوا، جو آج اختتام پذیر ہو گیا۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف نے کی۔

اجلاس میں اسلام آباد میں ہونے والے کمیشن کے دسویں اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ و رابطوں، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کو مستقبل میں تعاون کے ترجیحی شعبوں کے طور پر شناخت کیا۔

اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کا پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ ان دستاویزات کو آئندہ برسوں میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔

دونوں فریقوں نے مارکیٹ تک بہتر رسائی، سرمایہ کاری میں سہولت اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنا کر تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور متنوع بنانے کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔

پاکستان اور روس نے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس آئندہ سال پاکستان میں منعقد ہوگا۔

↑
Exit mobile version