وزیراعظم کی سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے اور مقررہ مدت میں منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) اور سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیر فعال سرکاری اداروں اور جائیدادوں کی نجکاری قومی معیشت کی بہتری، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معاشی استحکام یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے استعمال کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قانونی رکاوٹیں نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بنیں اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید خسارے میں چلنے والے ایسے سرکاری اداروں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی جنہیں نجکاری کے عمل میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو، لیسکو، گیپکو اور دیگر اداروں کی نجکاری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جاری نجکاری منصوبے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اصلاحاتی پالیسی کے تحت اتھارٹی کو نجکاری کمیشن میں ضم کرنے سے متعلق بل منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ مجوزہ اصلاحات کے بعد اتھارٹی کا کردار مشاورتی امور سے منصوبوں پر عمل درآمد کی جانب منتقل ہو جائے گا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اس وقت 1.352 ٹریلین روپے مالیت کے 15 منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں ایم-6، ایم-13، ایم-10، گرو نانک ایکسپریس وے، قصرِ ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک شامل ہیں۔

↑
Exit mobile version