
نائب وزیراعظم کا مالدیپ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مالدیپ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مالدیپ پاکستان بزنس فورم میں مالدیپ کے کاروباری وفد کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات مزید گہرے کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔















