
وزیر خزانہ اور برطانوی وزیر کے درمیان سرمایہ کاری اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترقی اور اصلاحات کے پروگرام میں برطانیہ کی معاونت کو سراہتے ہوئے برطانوی ادارے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کی جانب سے سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کا خیرمقدم کیا ہے۔
وہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرسٹی میک نیل سے گفتگو کر رہے تھے۔
محمد اورنگزیب نے مالیاتی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے اور عالمی کیپٹل مارکیٹوں تک دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی، ٹیرف اور ٹیکس اصلاحات، آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور فری لانسرز کی مہارتوں کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں معاشی اصلاحات، دوطرفہ تعاون اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے نجکاری، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ اور ہوا بازی کے شعبے میں تعاون، بشمول ایئربس اور رولز رائس کے ساتھ ممکنہ روابط، پر بھی گفتگو ہوئی۔
دریں اثنا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے حکام سے ملاقات میں بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے اور پاکستان کی عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں واپسی میں بینک کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بینک کی جانب سے مجوزہ اضافی ڈپازٹ مصنوعات اور پاکستانی روپے میں جاری سیکیورٹیز یا نقد رقم کے عوض فنانسنگ کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں سونے کی ضمانت پر مالیاتی سہولت، توانائی کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ، کثیرالجہتی ضمانتوں اور بجلی کی ترسیل، ریلوے اور سڑکوں کے ترجیحی منصوبوں کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ فنانسنگ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔















