آئی ایف سی اور عالمی بینک کا پاکستان کے اہم ترقیاتی شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور عالمی بینک نے پاکستان کے ساتھ اہم ترقیاتی ترجیحات پر تعاون جاری رکھنے اور معیاری منصوبوں کے لیے تکنیکی معاونت و مالی معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ عزم IFC کے ریجنل ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز اور وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات کے دوران ظاہر کیا گیا۔ عالمی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

ملاقات میں پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ احد چیمہ نے گزشتہ چار برس کے دوران پاکستان میں IFC کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔

انہوں نے عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت آئندہ 10 برس کے دوران سالانہ دو ارب ڈالر تک متحرک کرنے کے عزم کا بھی خیرمقدم کیا۔ پاکستان کی ترجیحات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے اور ہاؤسنگ فنانس شامل ہیں۔

وزیر اقتصادی امور نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا، جن میں اسے نجکاری ڈویژن کے تحت لانا اور اس کے کردار کو وسعت دینے کے لیے نئی قانون سازی کی تیاری شامل ہے۔

IFC اور عالمی بینک کے نمائندوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فریم ورک کو مضبوط بنانے کے حکومتی اقدام اور ایس ایم ایز، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ہاؤسنگ فنانس سمیت دیگر شعبوں میں ترجیحات کا خیرمقدم کیا۔

↑
Exit mobile version