بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی دعووں کو مسترد کردیا

پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارت کے دعووں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعوے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقائق کے منافی ہیں۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے متنازع جموں و کشمیر کے نقشے سے متعلق جاری بیان پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور مسلسل غیر قانونی قبضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتے۔

ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعات میں شامل ہے۔ متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے ہونا چاہیے۔

سجاد حیدر خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سرکاری نقشے جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر کرتے ہیں اور یہی اس کی موجودہ قانونی حیثیت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے وعدے کو پورا کرنے کا مطالبہ کرے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button