بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور ملائیشیا کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور ملائیشیا نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ عزم اسلام آباد میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات کے دوران کیا گیا۔

مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر داخلہ محسن نقوی جبکہ ملائیشین وفد کی قیادت وزیر داخلہ سیف الدین نصوتین بن اسماعیل نے کی۔ دونوں جانب سے انسدادِ دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ ساحلی محافظوں اور تربیتی پروگراموں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے دونوں وزارتِ داخلہ کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ملائیشیا بھیجنے پر اتفاق کیا۔ دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مذاکرات میں نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے، سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات آسان بنانے پر بھی بات ہوئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے شعبے کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ملائیشیا سیاحت کے حوالے سے ایک اہم انتخاب ہے اور پاکستانیوں کے لیے ورک کوٹے میں اضافہ انہیں قانونی طور پر ملائیشیا آنے کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button