
خاران میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے لَجّے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کی گئی، جس کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ کارروائی میں جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں گولہ بارود، دیگر جنگی سامان، 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد خاران اور لَجّے کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔















