
پاکستان اور بیلاروس کا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے دوران ہونے والے نتیجہ خیز مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات بیلاروس کے وزیر برائے توانائی ڈینس ماروز سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام اہم شعبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، محنت، ٹرانسپورٹ اور توانائی شامل ہیں۔
دونوں جانب سے اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج دونوں ممالک کے لیے ٹھوس فوائد کا باعث بنیں گے اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔
فریقین نے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے طے کیے گئے تمام شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے دوطرفہ رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک خواہشات اور تہنیتی جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے دورۂ اسلام آباد اور اپریل 2025 میں اپنے دورۂ بیلاروس کو بھی یاد کیا، جن سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
بیلاروس کے وزیر نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور بیلاروسی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں ہونے والی پیش رفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔















