پاکستان اور یورپی یونین نے جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو مشترکہ ترجیحات قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ اور یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مثبت اور تعمیری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دونوں جانب پارلیمانی روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جمہوری اقدار، آئینی نظام، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوری ادارے اور مؤثر پارلیمانی روابط قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب اوندرے دوستال نے آئینی اور قانونی امور کے شعبوں میں وفاقی وزیر کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔
