
ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید
ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے وابستہ 7 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید مزاحمت کے دوران خوارج نے ایک مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی۔
فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حمزہ اکرم، جو اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا مسلسل تعاقب کر رہے تھے، بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت سے سرفراز ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ عناصر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔















