
پاکستان میں تیار کردہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل میچ بال اقوامِ متحدہ اور فیفا کی تقریب میں پیش
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اقوامِ متحدہ کے یوتھ آفس اور فیفا کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب "One World, One Game, One Goal: Football as a Catalyst for Youth Mental Health and Well-Being” میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے ٹرائیونڈا (TRIONDA)، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والی آفیشل میچ بال، شرکاء کے سامنے پیش کی، جو پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ٹرائیونڈا پاکستانی ہنرمندوں کی مہارت، صلاحیت اور محنت کا شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گیند اس بات کی علامت ہے کہ کھیل سرحدوں، ثقافتوں اور قوموں سے بالاتر ہو کر لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی طاقت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان عالمی معیار کی کھیلوں کی مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال کا پاکستان میں تیار ہونا ملک کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز ہے۔















