
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا بندرگاہوں کے رابطہ نظام کو بہتر بنانے پر زور
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملک کے جغرافیائی محلِ وقوع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بندرگاہوں کے رابطہ نظام (پورٹس کنیکٹیویٹی) کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں بندرگاہوں کے رابطہ نظام کی بہتری سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع ایک قیمتی اثاثہ ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری میری ٹائم افیئرز نے پاکستانی بندرگاہوں کی موجودہ صورتحال، ان کی استعداد اور استعمال کی صلاحیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں پاکستان کی بندرگاہوں کی ترقی، ان کی کارکردگی اور مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر بندرگاہوں کے درمیان بہتر رابطے، آپریشنل نظام کو مزید مؤثر بنانے، مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے، تجارت اور لاجسٹکس کی سہولت بڑھانے اور اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے پاکستان کی بندرگاہوں کو خطے کے مؤثر تجارتی مراکز میں تبدیل کرنے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔















