
وزیراعلیٰ پنجاب نے "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کی قرعہ اندازی کر دی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وہ پیر کے روز لاہور میں "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملکی اقتصادی ترقی میں اس شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید زرعی پالیسیوں اور کسان دوست اقدامات کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت 30 ہزار مستحق افراد مستفید ہوں گے، جنہیں زرعی سرگرمیوں کے فروغ اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی خوشحالی، زرعی شعبے کی ترقی اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اپنے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔















