
پاک فضائیہ کے بہادر گروپ کیپٹن خاتون کو بچاتے ہوئے شہید
پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم ایک خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کا ہاتھ کھینچتے دیکھا اور ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے وہ واپس مڑے اور موٹرسائیکل کے قریب جا کر صورتحال جاننے کی کوشش کی۔
پولیس کےمطابق خاتون گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کی جانب آ گئی، جس پر مبینہ ملزم سعد نے ان سے بدکلامی کی اور پھر فائرنگ کر دی جس سےکیپٹن عاصم شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ ملزم اس کا دفتر میں کولیگ تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی، تاہم بعد میں راستہ تبدیل کرکے اسے کسی اور مقام پر لے جانا چاہتا تھا جس پر وہ اس سے زور آزما رہا تھا۔پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کرکے اسے محفوظ بنایا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم شہید نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑا ہے۔















