پاکستان کی ’اینگیج افریقہ‘ پالیسی افریقی ممالک سے تعلقات کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے، عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ’اینگیج افریقہ‘ پالیسی افریقی ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اسلام آباد میں ہیپی افریقہ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقہ کو صرف ایک سفارتی شراکت دار نہیں بلکہ اپنی وسیع تر خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون سمجھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان نے افریقی براعظم میں اپنے سفارتی نیٹ ورک کو مسلسل وسعت دی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت، تعلیم، استعداد کار میں اضافہ، صحت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے، جس کا مقصد باہمی مفاد اور مشترکہ خوشحالی کا حصول ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایسے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا جن کے ذریعے افریقہ اور پاکستان دونوں کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے افریقی ثقافت، موسیقی، ورثے، روایات اور اقدار کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان دوستی مضبوط، دیرپا اور باہمی احترام پر مبنی ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

Exit mobile version