
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان انتہائی خوشگوار دیرینہ تعلقات ہیں، طارق فضل چوہدری
پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان انتہائی خوشگوار دیرینہ تعلقات ہیں۔آج سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس اور دیگر کی جانب سے پیش کیے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 20 لاکھ پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ان ممالک میں شامل ہے جن کے ساتھ پاکستان کے عوامی سطح پر گہرے تعلقات ہیں اور متحدہ عرب امارات ان تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے ایک نقطہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف جامع کارروائی کی ہے اور صوبے میں اب کوئی نو گو ایریاز نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ان علاقوں کے لیے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عون عباس کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر متوقع موسمی حالات کے باوجود رواں برس گندم کی مجموعی پیداوار اچھی رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آٹے کی قیمتیں بھی مستحکم ہیں ۔سینیٹ نے آج سات بلوں کی منظوری دی ۔سینٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔















