بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

سی سی پی ایوی ایشن سیکٹر پر مارکیٹ سٹڈی جاری کر دی: پاکستان کے سول ایوی ایشن سیکٹر میں ساختی اصلاحات کے لئے قابل عمل تجاویز

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے “کمپٹیشن اِن دی اسکائز: پاکستان کی سول ایوی ایشن مارکیٹ اسیسمنٹ” کے عنوان سے ایک جامع مسابقتی جائزہ رپورٹ کا مسودہ جاری کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے فضائی شعبے کے تقریباً دو دہائیوں (2006 تا 2025) کے اعداد و شمار اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں پاکستان کے سول ایوی ایشن سیکٹر نے تقریباً 340 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کیں اور سالانہ مسافروں کی تعداد 12.8 ملین سے بڑھ کر 24.3 ملین ہو گئی۔ تاہم مجموعی ترقی زیادہ تر بین الاقوامی پروازوں کی بدولت ہوئی جبکہ ملکی فضائی سفر تقریباً جمود کا شکار رہا۔

مطالعے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں سول ایوی ایشن کو ایک اسٹریٹجک معاشی شعبے کے طور پر مربوط پالیسی کے تحت نہیں چلایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ادارہ جاتی عدم ہم آہنگی، پالیسی کا عدم تسلسل، مقامی ایئرلائنز کی مالی کمزوری، ایوی ایشن کے لیے مخصوص مالیاتی نظام کی کمی اور خلیجی ایئرلائنز پر بڑھتا انحصار اس شعبے کے اہم چیلنجز ہیں۔

سی سی پی نے ایک جامع قومی سول ایوی ایشن روڈمیپ اور طویل المدتی اصلاحاتی منصوبہ متعارف کرانے کی سفارش کی ہے تاکہ فضائی سفر، سیاحت اور مالیاتی نظام کو مربوط کر کے ایک مضبوط اور مسابقتی ایوی ایشن ایکو سسٹم تشکیل دیا جا سکے۔

رپورٹ میں ایوی ایشن اور سیاحت کے لئے مخصوص مالیاتی اور انشورنس کی سہولتوں، قابل پیش گوئی فارن ایکسچینج اور فیس پالیسی، ٹیکس اصلاحات، ائرپورٹس کے خود کفیل تجارتی ماڈلز، شفاف دو طرفہ فضائی معاہدوں، مقامی صلاحیتوں کی تعمیر، کم لاگت ائر لائنز کے فروغ، اسی ایم ای شمولیت، معاون خدمات اور مقامی ایم آر او کی ترقی کی سفارش بھی کی گئی ہے، تاکہ ملکی ایوی ایشن صنعت میں مسابقتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ مسابقتی غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے، ماضی کی خصوصی مراعات کا از سر نو جائزہ لیا جائے، مارکیٹ میں داخلے کے مواقع کھلے رکھے جائیں، اور اہم ایوی ایشن ایشن اثاثوں پر سٹریٹجک نگرانی برقرار رکھی جائے۔

رپورٹ میں کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی جدید کاری، گلگت اور اسکردو جیسے ثانوی ایئرپورٹس کی ترقی، ای گیٹس، ڈیجیٹل نظام اور مقامی ایم آر او خدمات کے فروغ کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

سی سی پی کے مطابق مسودہ رپورٹ محدود مدت کے لیے ویب سائٹ پر اسٹیک ہولڈرز کی آراء کے لیے جاری کی گئی ہے، جس کے بعد مشاورت مکمل ہونے پر حتمی رپورٹ شائع کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button