
واپڈا پاک چین فرینڈشپ کپ باسکٹ بال چیمپئن شپ کا فاتح بن گیا
واپڈا نے پاک چین دوستی کے پچھتر سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ پاک چین فرینڈشپ کپ باسکٹ بال چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے خواتین اور محکمہ جاتی دونوں اعزازات اپنے نام کر لیے۔
خواتین کے فائنل مقابلے میں واپڈا بلیک نے گیریژنز ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 کے مقابلے میں 17 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
محکمہ جاتی فائنل میں واپڈا گرین نے آرمی ریڈ کو 14 کے مقابلے میں 21 پوائنٹس سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس میچ میں واپڈا گرین کے کھلاڑی زین خان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گیارہ پوائنٹس اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دریں اثنا کلب کیٹیگری کا ٹائٹل وائی ایم سی اے نے اپنے نام کیا۔ فائنل میں وائی ایم سی اے نے فرینڈز کلب کو سخت مقابلے کے بعد 17 کے مقابلے میں 20 پوائنٹس سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) افتخار منصور نے دیکھے۔
واضح رہے کہ پاک چین دوستی کے پچھتر سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ مقابلے اسلام آباد میں منعقد کیے گئے جن میں خواتین کی 28، محکمہ جاتی 13 اور کلب کی 48 ٹیموں نے شرکت کی۔














