
صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے عزم کا اعادہ
امن اور ترقی کے لیے تعلیم کے کردار سے آگاہی پیدا کرنے کے مقصد کے تحت ہفتے کے روز دنیا بھر میں تعلیم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر تعلیمی اداروں اور تنظیموں کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور مہارتوں کی ترقی کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ تعلیم کو قومی ترجیح کے طور پر اپنایا جائے اور نوجوانوں کو ایک ہنر مند، باخبر اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں شراکت دار بنایا جائے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ نوجوانوں کے خیالات تعلیمی نظام اور جمہوری معاشروں کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت اس بنیادی حق کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت تعلیمی نظام کو مؤثر بنانے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف پروگرامز کے ذریعے اعلیٰ تعلیم اور مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان پروگرامز میں اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف میں توسیع، میرٹ پر مبنی مالی معاونت اور وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے ذریعے ملک بھر میں مؤثر اور ضرورت کے مطابق تربیتی منصوبے نافذ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر اسکل ڈویلپمنٹ کے اقدامات کے تحت دینی مدارس کے طلبہ کو بھی قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ باعزت روزگار اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھا کر معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے خصوصی پروگرامز کے ذریعے تکنیکی، ڈیجیٹل اور گھریلو سطح پر مہارتوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ خواتین کی معاشی شمولیت اور مالی خودمختاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔













