بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

او آئی سی اور 21 ممالک کی اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کی شدید مذمت

تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) اور پاکستان سمیت اکیس ممالک نے اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے خطے "صومالی لینڈ” کو تسلیم کرنے کے اقدام کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا ہے، جسے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات کا باعث قرار دیا گیا ہے۔

یہ مؤقف پاکستان، اردن، مصر، الجزائر، کوموروس، جبوتی، گیمبیا، ایران، عراق، کویت، لیبیا، مالدیپ، نائجیریا، عمان، فلسطین، قطر، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان، ترکیہ، یمن اور او آئی سی کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں اختیار کیا گیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیتا ہے۔

بیان میں صومالیہ کی خودمختاری کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس کی وحدت، علاقائی سالمیت اور پورے علاقے پر خودمختاری کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کو قطعی طور پر مسترد کیا گیا ہے۔

مشترکہ بیان میں اس امر کو بھی واضح طور پر رد کیا گیا کہ ایسے اقدامات کو فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی کوشش سے جوڑا جائے، کیونکہ فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کو اصولی طور پر کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔

اشتہار
Back to top button