
نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل کل سٹارز اور کانکررز کے درمیان کھیلا جائیگا
فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں اتوار کو نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل کھیلا جائے گا، جس میں سٹارز اور کانکررز آپس میں مد مقابل ہوں گی۔
سٹارز کی قیادت سدرہ امین کر رہی ہیں جبکہ کانکررز کی کپتانی فاطمہ ثنا کے سپرد ہے۔ فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
یہ اہم مقابلہ پی ٹی وی نیشنل اور پی ٹی وی سپورٹس پر براہِ راست نشر ہوگا، جبکہ پاکستان میں ٹیپمیڈ اور بیرونِ ملک پی سی بی یوٹیوب چینل پر بھی اس کا براہِ راست سٹریم ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے راؤنڈ رابن مرحلے میں دونوں ٹیموں نے آٹھ آٹھ میچز میں سے چھ میچز جیتے ہیں، تاہم کانکررز نے سٹارز کو دونوں میچز میں شکست دی تھی۔
کانکررز کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ "پچھلے ون ڈے کپ میں ہم رنرز اپ رہے، اس دفعہ فائنل جیت کر ٹرافی اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔”
سٹارز کی کپتان سدرہ امین نے کہا کہ "کانکررز اور سٹارز دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں، فائنل میں کڑا مقابلہ ہوگا۔”
یہ میچ یقینی طور پر شائقین کے لیے ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلہ ثابت ہوگا۔













