
صحت
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں مستحق اور ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین فراہمی جاری
اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں جواد حسین ملک کی خصوصی ہدایت
پنڈی بھٹیاں میں بھی پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت عوام دوست اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں جواد حسین ملک کی خصوصی ہدایت پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں مستحق اور ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ تقسیم ہسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میڈم تسنیم اطہر کی زیر نگرانی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد شوگر کے مریضوں کو درپیش مالی بوجھ کو کم کرنا اور انہیں صحت مند زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک کا اس بارے کہنا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے اور پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی قسم کی دشواری کی صورت میں ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کریں۔