شوگر کین پرچیز مانیٹرنگ اینڈ ایگزامیننگ کمیٹی کا اجلاس
ڈپٹی کمشنر خوشاب سروش فاطمہ شیرازی کی ہدایات پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کامران افضل کی زیر صدارت شوگر کین پرچیز مانیٹرنگ اینڈ ایگزامیننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی، ڈی ایس پی ذوالفقار، محکمہ زراعت، ماحولیات، ٹریفک پولیس، ہائی ویز، فوڈ، جوہرآباد شوگر ملز اور کسانوں کے نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) نے کہا کہ کرشننگ سیزن کا آغاز ہو چکا ہے لہذا ملز انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیں۔انہوں نے ٹریفک پولیس، ملز انتظامیہ و دیگر متعلقہ محکموں کو ایک جامع ٹریفک پلان مرتب کرنے کی ہدایات دیں تاکہ گنے کی لوڈر ٹرالیاں شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث نہ بنیں۔
اے ڈی سی (آر) کامران افضل کا کہناتھا کہ حادثات سے بچنے کے لئے ریفلیکٹر کا ہونا بہت ضروری ہے لہذا ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کمیٹی کے تمام ممبران کو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسانوں کو شوگر ملز انتظامیہ سے کوئی شکایت ہو یا مسئلہ درپیش ہو تو ضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں لایا جائے اس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔