بزم علم و ادب پاکستان کے زیر اہتمام "کل پاکستان ایوارڈز 2024ء” کی تقریب کا انعقاد
خصوصی تحریر
بزم علم و ادب پاکستان کے زیرِ اہتمام ہر سال سالانہ ایوارڈ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے سیالکوٹ بزنس اینڈ کامرس سینٹر ، سیالکوٹ میں "کل پاکستان ایوارڈز 2024ء "کی پروقار تقریب کا شایانِ شان انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی علمی و ادبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بزمِ علم و ادب پاکستان کے بانی و صدر نعمت اللہ ارشد گھمن، سرپرست محمد ایوب صابر، جنرل سیکرٹری میاں محمد یوسف، سینئر نائب صدر پروفیسر ندیم اختر، سینئر نائب صدر صائمہ اختر، جوائنٹ سیکرٹری محمد عثمان ارشد، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر الیاس عاجز، فنانس سیکرٹری قیصر محمود باجوہ اور نائب صدر عکاشہ اصغر نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گلدستے پیش کیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ملک اللہ داد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن )سیالکوٹ اورمحمد حسین (ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیالکوٹ)تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔
تلاوت قرآن پاک کی سعادت نامور مذہبی اسکالر علامہ یامین مدنی نے حاصل کی۔تلاوت قرآن مجید کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں عقیدت کا نذرانہ محمد حامد جمیل نے پیش کیا۔
اس تقریب میں نظامت کے فرائض بانی و صدربزمِ علم و ادب نعمت اللہ ارشد گھمن نے بخوبی سرانجام دیے۔ انہوں نے بزمِ علم و ادب پاکستان کےقیام سے لے کر اب تک کی کارکردگی کو حاضرین کے سامنے پیش کیا اور بزم علم و ادب پاکستان کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔
محمد ایوب صابر سرپرست بزم نے خطبہ ء استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے پروگرام کے اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا ۔ ممتاز دانشور، ماہر اقبالیات اور مصنف کتب کثیرہ،فخر سرگودھا، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے بزم علم و ادب پاکستان کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور نئی نسل کو اپنی تہذیب اور ریاستی جڑوں سے جڑے رہنے کا پیغام دیا۔
ڈاکٹر محمد عامر اقبال ہیڈ آف فیض چیئرمین و اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے بانی و صدر بزم علم و ادب پاکستان اور ان کی پوری ٹیم کی محنت اور کوششوں کو سراہا۔
ادب کے خدمت گزاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے "کل پاکستان ایوارڈز 2024ء” میں مختلف کٹیگریز میں دئیے جانے والے ایوارڈز کے نام ان تمام عظیم شخصیات کے نام پر رکھے ہیں جنہوں نے ادب کے دامن کو وسعت دی۔ سال ہذا میں جن مختلف کٹیگریز میں ایوارڈ ز دیے گئے ان میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ برائے علمی و ادبی خدمات، علامہ اقبال ایوارڈ برائے علمی وادبی خدمات، فیض احمد فیض ایوارڈ برائے علمی وادبی خدمات، فیض احمد فیض ایوارڈ برائے کتب،پروفیسر اصغر سودائی ایوارڈ برائے تعلیمی خدمات، امجد اسلام امجد ایوارڈ برائے علمی وادبی خدمات، شِو کمار بٹالوی ایوارڈ برائے پنجابی ادب، مولانا ظفر علی خان ایوارڈ برائے صحافتی خدمات اور خواجہ محمد طفیل ایوارڈ برائے سماجی خدمات شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر بانی و صدر نعمت اللہ ارشد گھمن صاحب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا.تمام مہمانوں کے لئے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔