بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی فوج کا مغربی پٹی کا محاصرہ، جنین میں بلڈوزروں سے دھاوا بول دیا،  صیہونی فوج کے حملوں میں مزید 12 فلسطینی شہید

جنین میں صیہونی فوج پر کتائب شہدا الاقصی کا حملہ ، اسرائیلی فوج اور فلسطینی جانبازوں کے درمیان  جھڑپیں

اسرائیلی فوجی دستوں نے فلسطین کی مقبوضہ مغربی پٹی کے شہر جنین میں بلڈوزروں سے دھاوا بول دیا۔عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین پر اسرائیلی فوج کا محاصرہ رات بھرجاری رہا، صیہونی فوجی دستوں نے بلڈوزروں کی مدد سے جنین پردھاوا بھی بولا۔

اسرائیلی محاصرے کے باعث جنین میں فلسطینی شہری غذائی اشیا، پانی اور انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔اسرائیلی فوجی مغربی کنارے کے علاقے جبریات میں گھروں کو دھماکوں سے اڑا رہے ہیں اور قابض فوجی مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپ کے اطراف تعینات ہے۔

دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس کی جانب سے بتایا گیا کہ جبالیہ اور خان یونس میں صیہونی فوج کے حملوں میں مزید 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔مسلسل چوتھے دن مغربی کنارے کے شہر جنین پر اسرائیلی بمباری جاری رہی اور بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث یہ ایک بھوت شہر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے جھڑپیں دیکھنے میں آرہی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جنین کیمپ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی جانبازوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔ کیمپ کی گلیوں کے اندر اور شہر کے متعدد علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں۔ شہر میں تباہی کی حد بہت زیادہ ہے۔ خاص طور پر مشرقی محلے اور کیمپ کے اندر تباہی دیکھی جارہی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گزشتہ بدھ سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔دوسری طرف تقریبا مکمل تباہ ہوجانے والی غزہ کی پٹی میں اسرائیل نے ہفتہ کی صبح سے ہی کئی حملے شروع کر دئیے۔

اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں نصیرات کے مغرب میں ایک مکان کو نشانہ بنایا، جس میں "ورلڈ کچن” تنظیم کے ملازمین مقیم تھے۔ یہ تنظیم بے گھر افراد کو خوراک فراہم کرتی ہے۔ اس تنظیم کو اس سے قبل یکم اپریل کو ایک اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں تنظیم کے سات ملازمین شہید ہوئے تھے، بمباری میں غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیا کے قصبے میں "انڈونیشیا ہسپتال” کے آس پاس، تل قلیبو کے علاقے میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے پر بھی 3 فضائی حملے کیے ہیں۔گزشتہ اکتوبر کی ساتویں تاریخ سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ ہر طرف آگ اور تباہی ہے۔ طبی اور خوراک کی امداد کی کمی کے درمیان لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

علاوہ ازیں بیت ا لحم کے قریب یہہودی بستی میں فائرنگ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق، بیت ا لحم کے قریب یہودی بستیوں میں ہونے والے دھماکوں اور مسلح حملوں کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ "کارمی تیزور” بستی میں ایک فلسطینی حملہ آور نے فائرنگ کی، جس سے کئی افراد زخمی ہوئے، اور اسرائیلی فوج نے حملہ آور کو شہید کر دیا۔ دھماکہ ایک گیس اسٹیشن پر ہوا، جس کی آواز دور دراز کے دیہاتوں تک سنائی دی،جنین کے جبریات محلے میں قابض صیہونی افواج نے فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن، شیخ خالد سلیمان ابو الحسن کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ گرفتاری ایک اور ظالمانہ اقدام ہے جو فلسطینی عوام کی آواز کو دبانے اور ان کے قائدین کو نشانہ بنانے کی سازش کا حصہ ہے۔ شیخ خالد، جنہوں نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی، آج بھی اپنے مضبوط موقف پر قائم ہیں۔

جنین میں صیہونی فوج پر کتائب شہدا الاقصی کا کاری وار، دشمن کو بھاری جانی نقصان کتائب شہدا الاقصی  جنین نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے جنین شہر کے دمج محلے میں صیہونی فوج کے ایک پیدل دستے کو گھیر کر کامیاب حملہ کیا ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔  یہ بہادرانہ اقدام جنین کے مجاہدین کے عزم و حوصلے کا مظہر ہے جو ہمیشہ اپنی سرزمین کے دفاع میں سینہ سپر رہتے ہیں۔

ادھرغزہ کی 90 فیصد سے زائد عمارتیں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے یا تو مکمل تباہ ہو چکی ہیں یا پھر رہنے کے قابل نہیں ہیں جس کی وجہ سے غزہ کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی پناہ گزین کیمپوں میں سکونت اختیار کرنے پر مجبور ہے جبکہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے اقوام متحدہ کے اسکولوں اور اسپتالوں میں بنے پناہ گزین کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

غزہ میں اتوار سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں کو بھی شدید تحفظات ہیں کیونکہ اسرائیلی فوجیوں کے بین الاقوامی اداروں کے کارکنوں پر حملوں کے باعث غذائی اجناس کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں اب تک 40 ہزار 600 سے زائد فلسطینی شہید اور 90 ہزار 850 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

اشتہار
Back to top button