ٹرمپ پر حملہ کرنے والا شخص کون تھا۔۔۔؟
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی۔ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں انتخابی ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے کہ اچانک فائرنگ کی آواز آئی اور ایک گولی ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔فائرنگ کی آواز کے بعد ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا، اس وقت ان کے دائیں کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے۔
سیکریٹ سروس کے اہلکار ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہو گئے جبکہ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو موقع پر ہی مار دیا گیا اور جس رائفل سے فائرنگ کی گئی تھی اسے بھی سکیورٹی اہلکاروں نے برآمد کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔سیکریٹ سروس اہلکاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فائرنگ کے واقعے کے بعد بہاردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سے اپنے ہوش و حواس پر قابو رکھا اور عوام کی جانب مکا لہراتے ہوئے کہا فائٹ فائٹ فائٹ۔
اب امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کا بیان سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سال کا مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے تاہم ابھی حملہ کرنے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ حملے کے وقت مشتبہ حملہ آور سے تقریباً 120 سے 150 میٹر دور تھے جبکہ سیکریٹ سروس کے مطابق حملہ آور نے ریلی کے باہر سے ایک "بلند مقام” سے متعدد گولیاں چلائیں، حملہ آور ریلی کے مقام سے بالکل باہر عمارت کی چھت پر تھا۔