کوکو پائوڈر بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد گار، تحقیق
ایک طویل مگر منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کوکو پاؤڈر یا کوکو سے بنی غذاؤں کے زیادہ استعمال سے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کو کم کیا جا سکتا ہے جب کہ اس سے وزن میں بھی کوئی اضافہ نہیں ہوتا۔کوکو بیج یا پاؤڈرعام طور پر چاکلیٹ، کافی، چائے کی پتی، آئس کریم، مشروبات اور ادوایات بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ماضی میں بھی کوکو پر کی جانے والی متعدد تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ یہ بلڈ پریشر سمیت دیگر بیماریوں کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اب ماہرین نے کوکو کے استعمال اور اس کے فوائد اور نقصانات جاننے کے لیے کی جانے والی 31 تحقیقات کا جائزہ لینے سمیت محدود افراد پر اس کے اثر پر تحقیق کی۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے دنیا کے مختلف ممالک میں کی جانے والی تحقیقات کا جائزہ لینے کے بعد 1100 سے زائد بالغ افراد پر کوکو سے تیار غذاؤں کے استعمال سے صحت پر پڑنے والے اثرات کو دیکھا۔ماہرین نے بعض رضاکاروں کو غذاؤں میں 70 فیصد کوکو استعمال کرنے کی ہدایت کی اور پھر ان میں بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح دیکھی اور تحقیق سے قبل بھی ان کی مذکورہ بیماریوں کی سطح دیکھی گئی تھی۔
دوسرے گروپ کے رضاکاروں کو ماہرین نے فرضی کوکو یا 70 فیصد سے کم کوکو پاؤڈر کرنے کی ہدایت کی اور پھر ان کی صحت کا بھی جائزہ لیا۔ماہرین نے پایا کہ فرضی کوکو کھانے والے رضاکاروں کے بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول میں کوئی فرق نہیں دیکھا گیا جب کہ کم کوکو استعمال کرنے والوں میں بھی زیادہ فرق نہیں پایا گیا۔
ماہرین کے مطابق یومیہ غذاؤں میں 70 فیصد کوکو استعمال کرنے والے افراد کے کولیسٹرول میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور یہ کمی 8 پوائنٹس تک تھی جب کہ ان میں بلڈ شوگر کی سطح بھی کم ہوئی اور یہ سطح 5 پوائنٹس کے قریب تک کم ہوئی اور ان میں بلڈ پریشر کی سطح بھی کم ہوئی۔
ماہرین کے مطابق کوکو کو غذا کا حصہ بنانے سے بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول جیسی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے جو کہ امراض قلب اور فالج کا سب سے بڑا سبب بنتے ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ چاکلیٹ یا اسی طرح کی دیگر غذائیں کھانے سے وزن بھی نہیں بڑھتا، اس لیے کوکو کو غذا کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے۔