بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ایڈوانس ٹیکس، پیٹرولیم ڈیلرز نے 5 جولائی کو ملک بند کرنے کی دھمکی دیدی

پیٹرولیم ڈیلرز نے ایڈوانس ٹیکس لگائے جانے کے خلاف 5 جولائی کو پورا ملک بند کرنے کی دھمکی دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فنانس بل میں 0 اعشاریہ 5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگایا گیا ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کو فنانس بل میں ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس پر تشویش ہے کیوں کہ مذکورہ ٹیکس سے پٹرول پمپ کا کاروبار چلانا ممکن نہیں، اس لیے حکومت ایڈوانس ٹیکس پر نظرثانی کرکے اسے فوری طور پر ختم کرے بصورت دیگر کاروبار بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں رہے گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر چیز پر ٹیکس عائد کررہی ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کی سیل کم ہو گئی ہے، حکومت سمگلنگ کو سپورٹ کررہی ہے، سمگلنگ کے خلاف بولنے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں، فروخت ہونے والے سامان کی قیمت کے ہر لین دین پر پہلے سے ہی خریداری کے وقت ٹیکس لگایا جا رہا ہے، وزیراعظم ٹیکسوں کے نفاذ پر کہتے ہیں میں مجبور ہوں، پیٹرولیم ڈیلرز کا وفد اسلام آباد جارہا ہے جہاں وزیرخزانہ، پیٹرولیم منسٹر اور چئیرمین ایف بی آر سے ملاقات کرنے کی کوشش کریں گے، ملاقات میں اگر مسائل حل نہ ہوئے تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کردیا جائے گا۔

دوسری طرف حکومت نے اگلے 15 دنوں کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے، پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے فی لٹر ہو گئی، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 56 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 277 روپے 45 پیسے فی لٹر ہوچکی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 88 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 5 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

اشتہار
Back to top button