بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

وزیر اعلیٰ پنجاب سے صوبائی مشیر صحت کی ملاقات، شعبہ صحت میں اصلاحات پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی مشیر صحت اظہر محمود کیانی نے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مشیر صحت اظہر کیانی نے شعبہ صحت میں ریفارمز کے لئے سفارشات پیش کیں، صحت کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ میرے دل کے بہت قریب ہے، تمام مراکز صحت، ٹی ایچ کیوز اور ٹرشری ہسپتالوں کی اپ گریڈ یشن پر کام شروع کر دیا ہے، دل کے امراض، ٹی بی، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت انتہائی خوشی ہوئی جب ایک خاتون نے مجھے گھر ڈلیور ہونے والی دل کی ادویات دکھائیں، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کا منصوبہ کامیاب ترین منصوبوں میں سے ایک ہے، چند ہفتوں میں 12 لاکھ افراد کا ان کی دہلیز پر علاج ہوا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتالوں میں مفت ادویات کے ساتھ ایکسرے، مفت لیب ٹیسٹ اور ای سی جی کی سہولت موجود ہے، 500 مزید کلینک آن ویلز کا اضافہ کر رہے ہیں، جہاں پر ڈاکٹرز موجود نہیں وہاں ڈاکٹرز کو بھیجنے کیلئے مراعات دے رہے ہیں، دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں رہے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جو دوائیاں ہسپتالوں میں بند کر دی گئی تھیں وہ دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں اور لوگوں کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی جا رہی ہیں، فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اضلاع میں کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بننے سے دیہات کے مکینوں کو شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، موجودہ ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر پبلک فرینڈلی بنانا ضروری ہے، موجودہ سسٹم کی بحالی اور ری سٹرکچرنگ کی جائے گی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں میں جدید ریسرچ کیلئے اقدامات کئے جائیں، پنجاب کے ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔

اشتہار
Back to top button