بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری کا G-9 مرکز میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے G-9 مرکز میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ انہوں نے اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں اپنے ذاتی فنڈز سے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کام شروع کیا ہے اور اس پلانٹ کی تنصیب بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کو پورے جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے ۔ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مفت میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے جن میں چیک اپ کی سہولتیں اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ G-9 مرکز میں ایک ‘عوامی دسترخوان’ بھی شروع کیا جائے گا تاکہ کوئی کھانا کھائے بغیر نہ رہ جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران جب ہم نے اعلان کیا تھا کہ ہم تاجر برادری کے لیے تعلیمی ادارے اور ہسپتال بنائیں گے، ضرورت مند تاجروں کو رہائشی سہولیات فراہم کریں گے اور ٹی وی سنٹر قائم کریں گے، اس وقت ہمارے کچھ ساتھیوں نے ہمارا مذاق اڑایا لیکن وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم ایک ایک کر کے اپنے وعدے پورے کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 30 ستمبر کے بعد، جب آئی سی سی آئی کے صدر کے طور پر ان کی مدت  ختم ہو جائے گی، وہ نہ صرف تاجروں بلکہ اسلام آباد کی پوری کمیونٹی کے لیے نئے جذبے اور عزم کے ساتھ کام کریں گے۔

مزید پڑھیے  عام اِنتخابات کے لئے تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے اُن کے فرائض اور ذمہ داریوں کا حلف لے لیا گیا

صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی نائن مرکز راجہ جاوید اقبال نے احسن ظفر بختاوری کی سماجی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ احسن ظفر بختاوری کی طرف سے دیا گیا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا تحفہ انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے جو روزانہ 24000 لیٹر پانی فلٹر کر رہا ہے اور تمام مکین علاقہ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ ضروری کام پہلے سی ڈی اے کو کرنا تھا لیکن اللہ تعالیٰ کی مرضی تھی کہ احسن ظفر بختاوری کو یہ کریڈٹ ملا۔

 

چیئر مین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کی کمیونٹی کے لیے یکسوئی سے کام کا نتیجہ برآمد ہو رہا ہے اور اس کے مسائل ایک ایک کر کے حل ہو رہے ہیں۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا سہرا بھی راجہ جاوید اقبال کو جاتا ہے جو ہمیں اس کام کی یاد دہانی کراتے رہے جو بالآخر آج مکمل ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے اور تاجر برادری کو اپنے مفاد اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے دیانتداری سے اس کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے تاجر برادری کو بھی یکساں عزت و احترام دیا جائے۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاجروں کو اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔

مزید پڑھیے  روایتی سالانہ میلہ ’’جشن خوشاب‘‘ نہایت جوش و جذبہ سے منایا جائیگا، ڈاکٹر حسان طارق

گروپ لیڈر بلیو ایریا یوسف راجپوت نے کہا کہ بلیو ایریا میں جلد واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے گا اور سی ڈی اے، ایم سی آئی، آئیسکو کے دیگر تمام مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔

 

صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن G-11 مرکز نعیم اختر اعوان نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری کی کاوشوں سے تاجر اور ان کے علاقے کے مکین فلٹر شدہ پانی سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

 

تقریب سے چیئرمین انجمن تاجران G-9 مرکز فدا حسین عباسی، جنرل سیکرٹری حاجی ظفر اور صدر جناح سپر مارکیٹ عبدالرحمن صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ محمد علی، فیضان شہزاد، خالد چوہدری۔ سیف الرحمان، بابر چوہدری۔ وسیم چوہدری ضیاء چوہدری ملک ندیم، چوہدری عرفان، تہمس بٹ، شاہ انور، چوہدری طاہر، ملک رفیق و دیگر تقریب میں شریک ہوئے ۔

Back to top button