بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں کمی جاری

ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں کمی جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی سالانہ شرح 21.31 پر آگئی۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے ہفتہ وار  اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 18 اشیا سستی اور 12 مہنگی ہوئیں، جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کی طرف سے جاری ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران لہسن کی فی کلو قیمت میں 43 روپے 46 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 20 روپے 21 پیسے اور آٹے کا بیس کلو کا تھیلا مزید 88 روپے 89 پیسے سستا ہوا۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 97 پیسے اور انڈے فی درجن 3 روپے 53 پیسے سستے ہوئے۔

اسی طرح ایک ہفتے کے دوران باسمتی چاول، دال مسور، مونگ اور ٹماٹر سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی 93 روپے 12 پیسے کمی ریکارڈ ہوئی۔ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں گائے کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 62 پیسے، مٹن فی کلو 4 روپے 47 پیسے اور دہی فی کلو 1 روپے 23 پیسے مہنگا ہوا جبکہ گرم مصالحے، گُڑ، چائے کی پتی اور سگریٹ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل رہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران کوکنگ آئل، بجلی، پٹرولیم مصنوعات سمیت 21 اشیا کے دام مستحکم رہے۔

مزید پڑھیے  مردم شماری کی تاریخ میں 5 روز کی توسیع
Back to top button