مسافر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم، 21 جاں بحق
افغانستان کے صوبے ہلمند میں آئل ٹینکر اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ اتوار کی صبح ٹینکر، مسافر بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد مارے گئے جبکہ 38 زخمی بھی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صوبہ ہیرات کے ضلع گریشک میں ہیرات۔قندھار ہائی وے پر پیش آیا۔ہلمند کے گورنر کے ترجمان محمد قاسم ریاض نے بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔محکمہ اطلاعات کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ہائی وے پر جلی ہوئی لاشوں اور ٹینکر کے دبے ہوئے کیبن کو دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صفائی کا عملہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹا رہا ہے۔زخمیوں میں سے 11 شدید زخمی ہوئے جبکہ 27 کو معمولی چوٹیں آئیں۔محکمہ اطلاعات کے مطابق ہلمند کے ٹریفک مینجمنٹ کے حکام نے بتایا کہ مسافر بس ہرات شہر سے دارالحکومت کابل جا رہی تھی کہ پہلے ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس پر دو افراد سوار تھے اور وہ دونوں ہلاک ہو گئے۔
موٹر سائیکل سے ٹکر کے بعد بس ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا اور جنوبی شہر قندھار سے ہرات جانے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔حادثے میں ٹینکر میں سوار تین افراد اور بس کے 16 مسافر ہلاک ہوگئے۔