بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی فوج کا امداد کے منتظر فلسطینیوں پر تیسرا حملہ، 25 فلسطینی شہید

غزہ میں صرف 150 دن میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں، اقوامِ متحدہ

غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے ایک ہفتے میں تیسرا حملہ کردیا، کویتی چوک پر فائرنگ سے متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے رفح اور خان یونس پر حملوں میں 25 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے برائے فلسطینی انروا کے سربراہ نے جنرل اسمبلی میں اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صرف 150 دن میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر انسانوں کا مسلط کردہ قحط منڈلا رہا ہے، چند ماہ کے بچے پانی کی کمی اور بھوک سے مر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کے ذیلی اداری کی فنڈنگ روکنے کے باوجود ناروے نے انروا کیلئے فنڈنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

یونیسیف کا کہنا ہے غزہ میں جنگ کی سب سے بھاری قیمت بچے ادا کر رہے ہیں، شمالی غزہ میں امداد کی کمی سے بچوں کی صحت کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے، غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انسانی ضمیر کا امتحان ہے۔ یونیسیف نے عالمی برادری سے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بچوں کیلئے فوری طور پر بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت ہے۔یونیسیف کے مطابق غذائی قلت کے باعث کمال عدوان اسپتال میں 15 بچے موت کے منہ میں جاچکے ہیں اور مزید اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیے  نقاب پوش شخص کی سڑک کنارے سونے والوں پر فائرنگ،2ہلاک
Back to top button