بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نوازشریف نے منصوبہ بنا لیا کہ بجلی 30فیصد کیسے سستی کرنی ہے۔ مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف نے منصوبہ بنا لیا کہ بجلی 30فیصد کیسے سستی کرنی ہے۔ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مانسہرہ کے جلسے کے بعد پیغام ملا ایبٹ آباد والے یاد کر رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ آپ کو نواز شریف سے پیار ہے، نواز شریف کو آپ سے زیادہ پیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ ضرورری باتیں ایبٹ آباد کے عوام سے کرنی ہیں، نواز شریف نے اپنا منشور آج پیش کیا، منشور کاغذ کا ٹکڑا نہیں، سچا وعدہ ہوتا ہے، منشور وہ نہیں ہوتا، جو ویب سائٹ پر جاری کردیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ ختم کرنےکا وعدہ پورا کیا، ہم نے آپ کے مسائل کو مدنظر رکھ کر منشور بنایا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس کی خیبرپختونخوا میں 10 سال حکومت رہی، اس نے منشور نہیں دیا، پوری قوم جانتی ہے اس کا منشور پیٹرول بم ہے۔مزید کہا کہ انہوں نے قوم کے بچوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے دیے، کیا یہ لوگ قوم کے ہمدرد ہوسکتے ہیں؟رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کبھی کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا، جو پورا نہ ہوا ہو، اگر ہمیں منتخب کیا تو ایک ایک وعدہ پورا کریں گے، عوام کی تکالیف دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کے اپنے صوبے کے اسکولوں میں مویشیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملتا، ایک جماعت کا منشور پیٹرول بم ہے، جو انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر چلائے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کے چپے چپے پر نواز شریف کی خدمت کے نشانات ہیں، کیا پنجاب میں موجود منصوبے ایبٹ آباد کےعوام کا حق نہیں۔

مزید پڑھیے  پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا ہے، دفتر خارجہ

انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے آکرجلسہ کرتے ہیں، سوچتے ہیں کہاں جلسہ کریں جہاں نوازشریف کا منصوبہ نہ ہو۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ کی نشان والی گھڑی بیچ کر پیسے جیب میں ڈال لیے، کیا خیبرپختونخوا نے وہیں کھڑے رہنا ہے یا ترقی کرنی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ہم وہیں کام کرسکتے ہیں، جہاں ہمیں مینڈیٹ ملے، خدا کا واسطہ ہے، سوچ سمجھ کر ووٹ دیں، ہم نے مہنگائی کم کرنے کا پلان بنالیا، نوازشریف نے منصوبہ بنا لیا کہ بجلی30فیصد کیسے سستی کرنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ووٹ ایک پرچی نہیں آپ کی تقدیر کا فیصلہ ہے۔

Back to top button