بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جماعت اسلامی کسی غیر دستوری اقدام کو قبول نہیں کرے گی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایران، قطر، ترکی، لبنان، افغانستان کے وفود اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں اور اتحاد العالمی العلماء المسلمین کے فلسطین کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔پاکستانی کمیونٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالامال ملک ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو اہل اور ایماندار قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ روایتی سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ جماعت اسلامی نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کا مطالبہ کرتی ہے بلکہ ہم ان کے لیے پارلیمنٹ میں نشستیں مختص کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی غیر دستوری اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار کیا ہے، ان جماعتوں کی قیادت عوام کے دکھ درد کا احساس کرنے سے عاری ہیں۔ جماعت اسلامی کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی اور خالصتاً اپنے پروگرام کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی۔ ہم ملک کو معاشی خود انحصاری کے راستے پر ڈالیں گے تاکہ بیرونی قرضوں سے نجات حاصل ہو سکے۔ امیر جماعت اسلامی نے حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ ساجد انور، نائب امیر خیبرپختونخوا مولانا محمد اسمعیل اور معتمد امیر جماعت سمیع الحق شیر پاؤ امیر جماعت کے ہمراہ ہیں۔ سراج الحق نے دوحہ میں ترکی کی سعادت پارٹی کے پارلیمنٹرین حسن ہتمز کی وفات پر ان کے دیرینہ ساتھی یلماز کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیے  عوام پر مہنگائی کے مسلسل ڈرون حملے جاری ہیں، حکومت مہنگائی کاطوفان روکنے پرتوجہ دے۔ سینیٹر سراج الحق

 

امیر جماعت نے مزید کہا کہ اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ہے، یہ بیرونی ممالک میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت کو سہارا دینے میں ان کا کلیدی کردار ہے، انہیں پورا حق ہے کہ ان کی نمائندگی پاکستان کے ایوانوں میں موجود ہو۔ ان کاکہنا تھا کہ اووسیز کے مسائل کو حل کرنے میں پاکستان کے سفارت خانوں کو پوری طرح متحرک ہونا ہوگا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر اوورسیز کو وی آئی پی درجہ دے گی، ائیرپورٹس پر ان کو خصوصی پروٹوکول ملے گا،ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان میں موجود فیملیز اور پراپرٹی کی مکمل حفاظت یقینی بنائیں گے، سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لیے ملک کے تمام شہروں میں بہترین تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا، جماعت اسلامی اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آکر ملک میں اوورسیز یونیورسٹی قائم کرے گی۔

Back to top button